گرین بیلٹ اور پارک پر قائم غیر قانونی ریسٹورینٹس منہدم کرنے کا حکم

غیرقانونی تعمیر پیزاہٹ، برگرکنگ اوردلپسند ریسٹورینٹ سیل، میونسپل کمشنر وسطی مصطفی کمال اور سیکشن افسرشمعونہ معطل


Staff Reporter April 03, 2015
صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن نارتھ ناظم آباد میں گرین بیلٹ اور پارک میں قائم ریسٹورینٹس اور دکانیں سیل کرنے کی کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیر بلدیات واطلاعات شرجیل انعام میمن نے نارتھ ناظم آباد میں گرین بیلٹ اور پارک پر غیرقانونی تعمیر شدہ پیزاہٹ، برگر کنگ اور دل پسند ریسٹورینٹ کو سیل کرکے منہدم کرنے کے احکام جاری کردیے،

صوبائی وزیر نے ضلع وسطی کے میونسپل کمشنر مصطفی کمال اور سیکشن افسر شمعونہ صدف کو معطل کرکے ان کے خلاف کیس محکمہ اینٹی کرپشن میں بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر بلدیات نے ضلع شرقی میں غیرقانونی شادی ہال اپنی نگرانی میں مسمار کرادیا، شرجیل انعام میمن نے ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گزشتہ کئی برس سے گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی پیزاہٹ، برگر کنگ اور دل پسند مٹھائی کی دکانوں کو اپنی نگرانی میں سیل کردیا، جمعرات کو صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اچانک نارتھ ناظم آباد میں گرین بیلٹ اور پارک پر قائم ان غیرقانونی ریسٹورینٹس اور دکانوں پر پہنچ گئے تاہم اس وقت ان ریسٹورینٹس میں مختلف افراد اہل خانہ کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھانے میں مصروف تھے ۔

صوبائی وزیر نے تمام ریسٹورینٹس مالکان کو احکام جاری کیے کہ فیمیلیز کو کھانے کی سروسز کی فراہمی کے بعد ریسٹورینٹس خالی کردیے جائیں اور بلدیہ عظمیٰ کے افسران کو فوری طور پر ان ریسٹورینٹس کو سیل کرنے کی ہدایت دی اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سابق ٹاؤن ناظم ممتاز حمید نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعظم حتیٰ کہ صدر پاکستان سے بھی زیادہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے غیر ملکی ریسٹورینٹ کو سرکاری زمین5 سال کے لیے لیز پر دی اور2013 میں اس کی لیز کے ختم ہونے کے بعد اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر وسطی لطیف لودھی اور میونسپل کمشنر کمال مصطفیٰ نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے اس لیز کی توسیع کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر کمال مصطفیٰ اور سیکشن افسر شمعونہ صدف کو فوری طور پران کے عہدے سے معطل کردیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کے خلاف کیس کو محکمہ اینٹی کرپشن میں بھیجنے کے لیے سیکریٹری بلدیات کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابق ٹاؤن ناظم سمیت اس حوالے سے جو بھی ملوث ہوں گے ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا جائے گا۔