میں نے ہمیشہ دھونی کی قیادت میں کھیل کر لطف اٹھایا ہے یووراج

میں نے ہمیشہ مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں کھیل کر لطف اٹھایا ہے، یوراج سنگھ


Sports Desk April 09, 2015
میں نے ہمیشہ مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں کھیل کر لطف اٹھایا ہے، یوراج سنگھ۔ فوٹو: فائل

بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کے والد یوگراج ہاتھ دھو کر کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے پیچھے پڑ گئے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے ان جیسا شخص پوری زندگی میں نہیں دیکھا، میں اگر میڈیا میں ہوتا تو ان کے منہ پر تھپڑ جڑدیتا۔

دوسری جانب یوراج اپنے باپ کی لگائی آگ پر پانی ڈالنے میں مصروف ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں جلد ہی دھونی سے مل کر انھیں باپ بننے کی مبارکباد دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کھا کر وطن واپس لوٹ چکی اور اب کھلاڑی آئی پی یل کھیلنے میں بھی مصروف ہوچکے لیکن آل راؤنڈر یوراج سنگھ کے والد یوگراج کا اپنے بیٹے کو ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے کا غصہ ٹھنڈا ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ انھوں نے ایک بار پھر اس کا ذمہ دار کپتان دھونی کو ٹھہرایا ہے۔

اس سے قبل بھی وہ ان پر سخت تنقید کرچکے، اس بار ایک ٹی وی انٹرویو میں یوگراج سنگھ نے کہا کہ دھونی کچھ بھی نہیں ہیں، انھیں میڈیا نے ہی کرکٹ کا خدا بنادیا ہے، اس کے سر پر تاج سجا دیا گیا جبکہ وہ اس کے مستحق ہی نہیں ہیں، ایک وقت تھا جب وہ کچھ بھی نہیں تھے اور اب میڈیا کے نمائندوں کا مذاق اڑاتے ہیں، وہ اسی میڈیا پر ہنستے ہیں جس کی وجہ سے وہ اس مقام پر پہنچے، وہ ان بھارتی شائقین پر ہنستے ہیں جو ان کے ہر رن پر تالیاں بجاتے ہیں۔

میں دیانتداری سے کہہ رہا ہوں کہ اگر میں میڈیا میں ہوتا تو فوراً اٹھ کر اس کے منہ پر تھپڑ جڑ دیتا۔ یوگراج نے مزید کہا کہ پہلے میں دھونی کو ایسا نہیں سمجھتا تھا بلکہ ان پر جو لوگ باتیں کرے تھے میں سمجھتا تھا کہ وہ حسد کی وجہ سے کررہے ہیں لیکن جب کرکٹرز نے مجھے آکر حقیقت بتائی تب مجھے احساس ہوا کہ وہ کتنے برے انسان ہیں۔

دوسری جانب 33 لاکھ ڈالر کے عوض آئی پی ایل سائیڈدہلی ڈیر ڈیولز کا حصہ بننے والے یوراج سنگھ نے ایک بارپھراپنے والد کی لگائی آگ پر پانی ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ میں دھونی سے مل کر انھیں باپ بننے کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں، جو بیان ان کے خلاف میڈیا میں آیا میرا اس سے کوئی تعلق نہیں میں پہلے بھی کہہ چکا اور اب بھی کہتا ہوں کہ میں نے ہمیشہ مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں کھیل کر لطف اٹھایا ہے۔