6 جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ

جدید ترین گاربیج اسٹیشن میں کام کرنیوالے ملازمین کیلیے خصوصی لباس تیار جائے گا


Staff Reporter April 09, 2015
اسٹیشن 7 سے 8 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ روشن شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ۔ فوٹو: فائل

حکومت عوام کو کچرے اور آلودگی سے پاک صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی زیر نگرانی مختلف اضلاع میں 6گاربیج ٹرانسفراسٹیشن قائم کرے گی.

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی روشن علی شیخ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا،اجلاس میں بورڈ کے سیکریٹری ڈاکٹر نصرت علی پنہور، تمام ایگزیکٹو ڈائریکٹرزکے علاوہ ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ محمد شبیہ صدیقی بھی شریک تھے،ایم ڈی روشن علی شیخ نے اس موقع پرکہا کہ وزیر اعلیٰ اورچیف سیکریٹری سندھ کی خصوصی ہدایت، دلچسپی اور رہنمائی میں صوبے کو صاف ستھرا بنانے اور عوام کو صاف ستھرا اور پرامن ماحول فراہم کرنے کیلیے حکومتی اقدامات جاری ہیں اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا قیام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہر بھرکے ٹھوس کچرے کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے اور اسے کارآمد بناکر حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنے کیلیے کورنگی کازوے،ملیر ندی میوہ شاہ قبرستان کے نزدیک، شرافی گوٹھ لیاری ایکسپریس وے کے نزدیک،سہراب گوٹھ نزد لیاری ایکسپریس وے،عیسیٰ نگری نزد لیاری ایکسپریس وے اور صفورہ گوٹھ کے نزدیک جی ٹی ایس قائم کیے جائیں گے، روشن علی شیخ نے کہا کہ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے قرب و جوار کے علاقے کے عوام کو مچھر، مکھیوں، نقصان دہ کچرے اور ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلیے جی ٹی ایس کو مکمل طور پر کورڈ بنایا جائے گا جبکہ یہاں پر کام کرنے والے ورکرز کیلیے خصوصی لباس تیار کیا جائے گا جسے پہننا لازمی ہوگا، اس کے علاوہ وینٹی لیٹرزکے ذریعے صاف اور تازہ ہوا کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

روشن علی شیخ نے کہا کہ جی ٹی ایس میں آنے والے ٹھوس کچرے کو مختلف درجنوں میں علیحدہ کیا جائے گا جبکہ کمپوسٹنگ پلانٹ اور آرڈی ایف پلانٹس کے ذریعے کچرے سے ٹھوس ایندھن اور کھاد بھی تیار کی جائے گی،ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ نے اجلاس کے موقع پر ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم کے قیام کی منظوری دی جو کہ سندھ کے مختلف شہروں میں لینڈ فل سائٹ کیلیے جگہ تلاش اور اس کی نشاندہی کرے گی اور ایم ڈی کو 10 روزکے اندر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرے گی،روشن شیخ نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے شہروں یا ٹاؤن میں لینڈ فل سائٹ کیلیے ایسے مقامات کا چناؤ کیاجائے جوکہ3 یا 4 مختلف شہروں اور ٹاؤن کا سینٹرل پوائنٹ ہو،تاکہ چھوٹے شہروں اور ٹاؤن کو صاف ستھرا رکھنے میں لینڈ فل سائٹ مفید اور کار آمد ثابت ہو اور ٹھوس کچرے کی مینجمنٹ میں آسانی بھی پیدا ہو۔