اذلان شاہ ہاکی میں بھارت نے آسٹریلیا کو اپ سیٹ کر دیا

 جنوبی کوریا سے برابر میچ کھیل کر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا، میزبان ملائیشیا نے کینیڈا پر 4-1 سے ہاتھ صاف کیا


Sports Desk April 12, 2015
 جنوبی کوریا سے برابر میچ کھیل کر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا جب کہ میزبان ملائیشیا نے کینیڈا پر 4-1 سے ہاتھ صاف کیا۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دیدی، نیکن نے شاندار ہیٹ ٹرک بنائی، نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا سے ڈرا میچ کھیل کر آسٹریلیا کے ساتھ فائنل میں جگہ پکی کرلی، ناکام ٹیم برانز میڈل کے لیے بھارت کے مقابل آئے گی ۔پانچویں پوزیشن کے لیے میزبان ملائیشیا اور کینیڈا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 24 واں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، آسٹریلیا کے ساتھ ٹائٹل کے لیے اتوار کو نیوزی لینڈ کی ٹیم مقابلہ کرے گی، بھارت اور جنوبی کوریا برانز میڈل کے لیے آمنے سامنے آئیں گے جبکہ میزبان ملائیشیا آخری پوزیشن کی رسوائی سے بچنے کے لیے کینیڈا کو زیر کرنے کی کوشش کرے گا۔

جمعرات کو کھیلے گئے لیگ میچز کے آخری روز بھارتی ٹیم نے دفاعی چیمپئن اور ورلڈ نمبر ون آسٹریلیا کو سخت مقابلے کے بعد 4-3 سے اپ سیٹ شکست دی۔ ٹائٹل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوجانے والی بلوشرٹس ٹیم بغیر کسی دباؤ کے میدان میں اتری اور اس نے رگوناتھ کے ذریعے پہلے ہی منٹ میں گول داغ کر ورلڈ چیمپئن کو دباؤ کا شکار کردیا۔ 14 ویں منٹ میں آسٹریلیا نے مقابلہ برابرکیا، 23 ویں منٹ میں بھارتی فارورڈ نیکن نے گول کرتے ہوئے میچ 2-1 کردیا، ہاف ٹائم تک اسکور یہی رہا۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی نیکن نے انفرادی طور پر دوسرا اور بھارت کا تیسرا گول کردیا۔

اس موقع پر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بھی جارحانہ انداز اپنا لیا اور یکے بعد دیگرے 2 گول کرتے ہوئے میچ کوبرابری پر لے آئے۔ آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا لیکن خوش قسمت بھارت کی جانب سے نیکن نے آخری منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو غیرمتوقع کامیابی دلادی۔ اس فتح کے بعد بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر چلی گئی، دن کو دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کا میچ 3-3 سے برابر رہا، بلیک اسٹکس سائیڈ نے چوتھے منٹ میں برتری حاصل کی جسے کوریا کے ہیون وو نے 11 ویں منٹ میں ختم کردیا۔

31 ویں منٹ میں انھوں نے ایک اور پنالٹی کارنر کو کار آمد بناتے ہوئے جنوبی کوریا کو2-1 کی برتری دلادی۔41 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ نے مقابلہ ایک بار پھر برابرکردیا۔صرف 4 منٹ بعد بلیک اسٹکس ٹیم کو ایک 3-2 کی برتری مل گئی لیکن اس مشکل وقت میں جنوبی کوریا کے پلیئرز نے ہمت ہارنے اسی منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر پر مقابلہ برابر کردیا۔ جنوبی کوریا نے ٹائٹل میچ میں رسائی کو ممکن بنانے کی کوششیں جاری رکھیں، انہیں معلوم تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف فتح ہی انہیں فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔

کورین فارورڈز نے کئی حملے کیے لیکن حریف گول کیپر دیوار بنے رہے۔ہفتے کو آخری میچ میں میزبان ملائیشیا نے کینیڈا کو 4-1 سے روند ڈالا لیکن بڑے مارجن سے فتح بھی برانز میڈل کیلیے امیدوں کو برقرار نہ رکھ سکی۔ملائیشیا نے پہلے کوارٹر میں 2 گول کیے، دوسرے میں کینیڈا کی جانب سے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے مزید 2 اور کینیڈا نے ایک گول داغا، آخری 15 منٹ میں کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کرسکی۔