ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی قدم ساتویں پوزیشن پر بھی ڈگمگانے لگے

مزید تنزلی سے بچنے کیلیے بنگال ٹائیگرزسے تینوں میچزجیتنے ہوں گے


Sports Desk April 16, 2015
مزید تنزلی سے بچنے کیلیے بنگال ٹائیگرزسے تینوں میچزجیتنے ہوں گے۔ فوٹو : فائل

ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی قدم ساتویں پوزیشن پر بھی ڈگمگانے لگے۔

مزید تنزلی کی خفت سے بچنے کیلیے بنگال ٹائیگرز کا بے جگری سے شکار کرتے ہوئے تینوں میچز جیتنے ہونگے، ٹاپ 50 بیٹسمینوں میں صرف ایک پاکستانی حفیظ (33) سیریز میں شریک ہیں۔ سعید اجمل کی واپسی بولنگ میں تیسری پوزیشن سے ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز جمعے سے شروع ہورہی ہے۔

اس وقت عالمی ون ڈے رینکنگ میں گرین شرٹس 95 پوائنٹس کیساتھ ساتویں نمبر پر براجمان ہیں، اگر وہ بنگال ٹائیگرز کیخلاف کلین سوئپ کریں تو صرف ایک پوائنٹ حاصل ہوگا، یوں چھٹے نمبر پر موجود انگلش ٹیم سے فاصلہ 6 پوائنٹس رہ جائیگا لیکن اگر فتح کا مارجن 2-1 ہوا تو پھر 95 پوائنٹس ہی برقرار رہیں گے۔

بنگلہ دیشی ٹیم بھی یہ بات اچھی طرح جانتی ہے کہ وہ جو مرضی کرلے فی الحال نویں نمبر سے آگے بڑھنے کا کوئی امکان نہیں، البتہ اگر وہ گرین شرٹس کو 3-0 سے وائٹ واش شکست سے دوچار کرے تو پوائنٹس کی تعداد 81 ہوجائیگی، اس صورت میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے پوائنٹس 92 پر برابر ہوجائینگے لیکن کیریبیئن سائیڈ کو 0.13 پوائنٹس کا ایڈوانٹیج ساتویں نمبر پر پہنچانے کیلیے کافی ہوگا۔ اگر مشرفی مرتضیٰ الیون اس سیریز میں 2-1 سے فتح حاصل کرے تو پوائنٹس کی تعداد 79 جبکہ پاکستانی ٹیم کی93رہ جائیگی۔ سیریز میں دونوں جانب کے کھلاڑیوں کے پاس رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہوگا۔

30 ویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم ہائی رینکڈ بیٹسمین ہونگے،2006 میں ڈیبیو کرنے والے بیٹسمین آسٹریلوی کپتان کلارک سے صرف 2پوائنٹس پیچھے ہیں، دونوں ٹیموں کے صرف 5 بیٹسمین ٹاپ 50 میں موجود ہیں۔ پاکستان کے محمد حفیظ 33 ویں نمبر پر ہیں جبکہ ان کے بعد بنگلہ دیشی شکیب 36، محمود اللہ 45 اور تمیم اقبال 48 ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔

بولنگ ایکشن کلیئر کرنے کے بعد کرکٹ میں واپس آنیوالے سعید اجمل تیسری پوزیشن سے سفر کا آغاز کرینگے، وہ جنوبی افریقی عمران طاہر سے 16 پوائنٹس پیچھے ہیں، ٹاپ پوزیشن اسٹین کے پاس ہے۔ آل راؤنڈر میں حفیظ کا چوتھا نمبر رہا۔