’’عذیربلوچ نے زمینوں وفلیٹوں کی خریدوفروخت سے اربوں کمائے‘‘

بیٹے آریان کے نام سے ملیرولیاری میں پروجیکٹ شروع کیے،مقامی ایم این اے معاونت کرتاتھا


Staff Reporter April 16, 2015
فرارہونے کے بعدپراڈواورویگوگاڑیاں بیچ کررقم بھیجی گئی،ملزم عدنان کے رینجرزکے سامنے انکشافات فوٹو: فائل

گینگ وارکے اشتہاری ملزم عذیربلوچ نے رکن اسمبلی کی مددسے اربوں روپے کمائے، ضلع ملیرمیں50ایکٹرسے زائدکی اراضی پرقبضہ کرکے اراضی کے مالکان سے کوڑیوں کے دام خریدنے کے بعداپنے بیٹے آریان سٹی کے نام سے پلاٹنگ کرکے75فیصدپلاٹ فروخت کردیے۔

چاکیواڑہ روڈ پرمیراناکہ پل سے متصل ہزاروں گز کی اراضی پرقبضہ کرکے رہائشی پروجیکٹ شروع کیاجس کا کام 50فیصدمکمل ہوگیاجبکہ فلیٹوں کی70فیصدبکنگ ہوچکی ہے، سابقہ حکومت سے ناردرن بائی پاس پرہزاروں ایکڑارضی کوڑیوں کے دام خریدکر کروڑوں روپے میں فروخت کردی۔لیاری جنرل اسپتال سے65لاکھ روپے کی ادویہ بھی چوری کروائیں ۔یہ انکشافات چندروز قبل رینجرزکے ہاتھوں حراست میں لیے جانے والے عذیربلوچ کے دست راست عدنان عرف برائٹ نے دوران تفتیش کیے۔لیاری گینگ وارکے اشتہاری ملزم عذیربلوچ کے دست راست عدنان عرف برائٹ کورینجرزنے حراست میں لیاتھا۔

کلری تھانے کے کانسٹیبل راج کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم عدنان نے عذیربلوچ اور اس کی معاونت کرنے والی اہم شخصیات کے بارے میں بتانے کی یقین دہانی کرائی ہے،رینجرز کے افسران کے سامنے عدنان انکشاف کیا کہ عذیر بلوچ نے گزشتہ دورحکومت میں ناردرن بائی پاس پرہزاروں روپے کی اراضی کوڑیوں کے داموں حاصل کرنے کے بعدکروڑوں روپے کی فروخت کردی جبکہ ملیرمیں میمن گوٹھ کے قریب50 ایکڑ ارضی پر قبضہ کرکے اس اراضی کے مالکان کو ڈرا دھمکاکر سستے داموں خریدنے کے بعداپنے بیٹے آریان کے نام سے آریان سٹی کے نام ایک پروجیکٹ کا اعلان کیا جہاں 80 ، 120 ، 240 اور 500 گز کی پلاٹنگ کی گئی،عدنان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ آریان سٹی کے75فیصد پلاٹ فروخت کیے جا چکے تھے کہ کراچی آپریشن شروع ہو گیاجس کے باعث پلاٹوں کی فروخت روک دی گئی۔

عدنان نے مزیدانکشاف کیاکہ عذیر بلوچ نے اپنے کارندوں کی مددسے لیاری میں چاکیواڑہ روڈپرمیرا ناکہ پل کے قریب سنگولائن کے سنگم پرہزاروں ایکڑ ارضی پر قبضہ کرکے اس کے مبینہ طور پرجعلی کاغذات اپنے نام پربنوائے اورپہلے وہاں200اور 400 گز کے بنگلوزتعمیر کر کے فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی تاہم اسے کچھ لوگوں نے مشورہ دیا کہ اس علاقے میں بنگلوزفروخت نہیں ہوںگے اور اگر فروخت ہو بھی گئے تواس کی مطلوبہ قیمت ملنامشکل ہے لہذا یہاں فلیٹ بنا دیے جائیں جس پر آریان آرکیڈ کے نام سے رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کا50 فیصدکام مکمل ہو چکاہے جبکہ عمارت کے70 فیصدفلیٹوں کی بکنگ بھی کی جا چکی ہے۔

عدنان نے مزید بتایا کہ کچھ عرصہ قبل عذیر نے اپنے کارندوں کے ذریعے لیاری جنرل اسپتال سے لاکھوں روپے مالیت کی دوائیں چوری کروائیں۔ ذرائع کے مطابق رینجرزنے عدنان کی نشاندہی پرلیاری گینگ وار کے موجودہ سرغنہ حنیف کومقابلے میں ہلاک کردیااوربعدمیں عدنان کو چھوڑدیاتھا۔عدنان کے انکشافات کے بعد سے بعض اہم شخصیات روپوش ہیں جبکہ گینگ وار کے ملزمان عدنان کو تلاش کررہے ہیں۔اس حوالے سے مزیدانکشافات منظرعام پرآنے کی توقع ہے۔