سیکڑوں طلبا کو ڈی جی کالجز کی پرمیشن پر کلاسز لینے کی اجازت

پرنسپلز کوسفارشی طلبا کوکلاسز میں شریک نہ کرنیکی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں.


Staff Reporter October 10, 2012
کالجوں میں پرمیشن لینے والے طلبہ کے باعث ہر کلاس میں 250 طلبا کلاس لے رہے ہیں. فوٹو: عیسیٰ ملک

کراچی کے بڑے اورمعروف سرکاری کالجوں میں ''مرکزی داخلہ پالیسی ''اور''میرٹ'' کے برخلاف سیکڑوں طلبہ کو انٹر سال اول میں کلاسز لینے کی اجازت دینے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔

میرٹ کے برخلاف طلبہ کوکلاسز کی اجازت دیے جانے کا سلسلہ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہے اور کالج پرنسپلز اوراساتذہ کوسفارشی طلبہ کوکلاسز میں شریک نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں منگل کو بھی ڈی جے کالج میں صوبائی محکمہ تعلیم کی ڈپٹی سیکریٹری (اعلیٰ تعلیم) علی گل سنجرانی ڈائریکٹر جنرل کالجز کے دستخط سے جاری ''پرمیشن لیٹر''پراپنے قریبی عزیز کوانٹرسال اول میں کلاسز لینے کی اجازت دلوانے پہنچ گئے اورڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر افضل حسین اور وائس پرنسپل ڈاکٹرارشدکی جانب سے انکارکے بعد انھیں تبادلہ اور دور دراز علاقے میں ٹرانسفر کی دھمکیاں دیں۔

ڈپٹی سیکریٹری علی گل سنجرانی کا کہنا تھاکہ یہ خط ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے ،اس موقع پرکالج انتظامیہ نے موقف اختیارکیا کہ ڈی جی کالجز کی جانب سے پہلے ہی کلاسز کی اجازت سے متعلق سیکڑوںخطوط جاری کیے جاچکے ہیں، واضح رہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے مرکزی داخلہ پالیسی کے برخلاف شہرکے بڑے سرکاری کالجوں میں بڑے پیمانے پر طلبہ کوکلاسز کی اجازت دینے کاسلسلہ جاری ہے ۔