ٹیم کی خراب کارکردگی پر افغانستان کے کپتان محمد نبی مستعفی ہوگئے

بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ میرا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نیا کپتان مقرر کریں، محمد نبی


Sports Desk April 20, 2015
بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ میرا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نیا کپتان مقرر کریں، محمد نبی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: محمد نبی نے ٹیم کی خراب کارکردگی اور ناقص فارم پر افغانستان کی قیادت چھوڑ دی، وہ دو برس سے یہ ذمہ داری نبھارہے تھے۔

انھوں نے ٹویٹر پر کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور ساتھ میں اپنے استعفے کی نقل بھی شیئر کی۔ انھوں نے کہا کہ میں نے دو برس سے زائد عرصے تک افغانستان ٹیم کی بطور کپتان خدمت کی، میں نے اپنے ملک کو کامیابیاں دلانے کی پوری کوشش کی، مجھے اس بات پر بھی فخر ہے کہ میری قیادت میں افغانستان ورلڈ کپ 2015 کھیلا لیکن ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور خود میری پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی، اس لیے میں نے بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ میرا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نیا کپتان مقرر کریں اور مجھے ایک عام پلیئر کی حیثیت سے ٹیم میں کھیلنے کی اجازت دیں، میں نئے کپتان کو بھرپور سپورٹ کروں گا۔ یاد رہے کہ محمد نبی کو مارچ 2013 میں نوروز مینگل کو برطرف کرنے کے بعد کپتان بنایا گیا تھا، اس سے قبل انھوں نے 2010 میں بھی مختصر وقت کیلیے قیادت نوروز سے ہی حاصل کی تھی۔