شرمناک ناکامی کو ناتجربہ کاری کی آڑمیں چھپانے کی کوشش

اس میں کوئی شک نہیں کہ سینئرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہے، کپتان


Sports Desk April 20, 2015
اس میں کوئی شک نہیں کہ سینئرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہے، کپتان۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم کی بنگلا دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست کو ناتجربہ کاری کے پردے میں چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے، کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ ٹیم تشکیل نو کے مرحلے سے گزر رہی ہے، یہی نوجوان آگے چل کر عمدہ پرفارم کرنے لگیں گے، میزبان کپتان مشرفی مرتضٰی کا کہنا ہے کہ سیریز میں فتح کے بعد نئی بلندیوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ہم اننگز کا اچھا آغاز نہ کرسکے،مثبت چیز یہ ہے کہ بعد ازاں حارث سہیل،سعد نسیم اور وہاب ریاض نے اپنی صلاحیتوں کا اچھے انداز میں اظہار کیا لیکن ان کی کوشش بھی ابتدا میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کیلیے ناکافی ثابت ہوئی، انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سینئرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم تشکیل نو کے عمل سے گزر رہی ہے، انجریز سے بھی پریشانی ہوئی،اس کے باجود پروفیشنل کھلاڑیوں کے طور پر ہم سے کئی غلطیاں ہوئی ہیں جن کو سدھارنے کیلیے کوشش کرتے رہنے کی ضرورت ہے، اسکواڈ میں جگہ بنانے والے نوجوان بھی ایک عرصے سے موقع ملنے کے منتظر تھے، اب اس سے فائدہ اٹھانے کی بھی محنت کرینگے، ان کی صلاحیتوں پر اعتماد رکھنا ہوگا، آنے والے وقتوں میں یہی ایک بہترین ٹیم کے روپ میں نظر آئیں گے، تاہم اس کیلیے انھیں اپنی غلطیوں سے جلد سیکھنا ہوگا۔

بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضٰی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ملک کیلیے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا،تمیم اقبال اور دیگر کھلاڑیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی، بولرز بھی اچھا پرفارم کررہے ہیں،ورلڈکپ سے 6ماہ قبل ہی کوچنگ اسٹاف اور ٹیم نے سخت محنت شروع کردی تھی جس کا ثمر ملنا شروع ہوگیا، پاکستان کیخلاف کامیابی کے بعد اب نئی بلندیوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے آخر میں بنگالی زبان میں اپنے پرستاروں کا شکریہ بھی ادا کیا جس پر میدان میں تالیوں کی گونج سنائی دیتی رہی۔