بالی ووڈ کے وہ کامیاب ہدایت کارجنہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی

اداکاری کے میدان میں آنے والے ان ہدایت کاروں نے انڈسٹری کو کامیاب فلمیں دینے میں اہم کردارادا کیا


ویب ڈیسک April 28, 2015
بھارتی فلم انڈسٹری کو دنیا بھر میں ایک ممتاز مقام حاصل ہے

بالی ووڈ کی بے شمار فلموں کو دنیا بھر میں کافی پذیرائی ملی جس کے باعث بھارتی فلم انڈسٹری کو دنیا بھر میں ایک ممتاز مقام حاصل ہے اور اس مقام میں انڈسٹری کو کامیاب فلمیں دینے والے ڈائریکٹرز کا بھی اہم کردار ہے جب کہ بالی ووڈ کے کئی نامور فلم ساز ایسے بھی ہیں جنہوں نے ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ فلموں میں اداکاری کے جوہربھی دکھائے ہیں۔

کرن جوہر:

https://img.express.pk/media/images/01-karan/01-karan.webp

بالی ووڈ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے کرن جوہر آج فلم انڈسٹری کے سب سے کامیاب فلم ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر ،اسکرین رائٹر، تصویر ڈیزائنراور ٹی وی میزبان بھی ہیں۔ کرن جوہر نے 1998 میں بلاک بسٹر فلم ''کچھ کچھ ہوتا ہے'' سے بطور فلم ڈائریکٹراپنے کیریئر کا آغاز کیا اورپھر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ کرن جوہر کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ان کی فلم میں کام کرنےکے خواہشمندرہتے ہیں۔ بالی ووڈ کے اس کامیاب ڈائریکٹر نے فلمسازی کے علاوہ اداکاری میں بھی اپنی مہارت کے جوہردکھائے ہیں انہوں نےکئی فلموں میں چھوٹے موٹے کردار تو ادا کیے ہیں لیکن فلم ''بامبے ویلویٹ'' میں ولن کا کردار خوب نبھایا جس کے بعد فلم بینوں کو ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کا بھی اندازہ ہوا۔

فرح خان:

https://img.express.pk/media/images/02-farah-khan/02-farah-khan.webp

بالی ووڈ کی مشہور کوریوگرافراور ڈائریکٹر فرح خان کسی تعارف کی محتاج نہیں انہوں نے ہدایت کاری کا آغاز2004 میں فلم ''میں ہوں نا'' سے کیا اس فلم میں مرکزی کردار ان کے دوست اور بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اداکیا جب کہ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی دوسری فلم'' اوم شانتی اوم'' ہے جس نے باکس آفس پر کئی ریکارڈقائم کیے۔ بالی ووڈ کوکئی کامیاب فلمیں دینے والی ہدایت کار فرح خان نے 2012 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی فلم'' شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی'' میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے انہوں نے فلم میں مرکزی کردار اداکیا جسے شائقین نے بے حد سراہا اورفلم نے باکس آفس پر بھی اچھا کاروبارکیا۔

فرحان اختر:

https://img.express.pk/media/images/03-farhan-akhter/03-farhan-akhter.webp

ڈائریکٹر، پروڈیوسر، پلے بیک سنگر، اسکرین رائٹراور ٹی وی میزبان فرحان اختر بالی ووڈ میں ممتازمقام رکھتے ہیں انہوں نے 1991 میں 17 برس کی عمرمیں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹرانڈسٹری میں قدم رکھا اورہدایت کار کے طور پر 2001 میں ''فلم دل چاہتا ہے'' اور 2004 میں ''لکشیا '' بنائی جنہوں نے باکس آفس میں ریکارڈ بنائے۔ ہدایت کاری کے میدان میں کامیابی کے بعد فرحان اختر نے ''راک ون'' ،'' لک بائی چانس''، ''زندگی نہ ملے گی دوبارہ ''اور'' بھاگ ملکھا بھاگ'' سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

مہیش منجیکر:

https://img.express.pk/media/images/04-mahesh/04-mahesh.webp

انڈر ورلڈ کے جرائم پر بننے والی بالی ووڈ فلم ''واستو'' نے جہاں کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑڈالے وہیں فلم ڈائریکٹر مہیش منجیکر بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ ڈائریکٹر مہیش منجیکر نے بالی ووڈ کو کئی ہٹ فلمیں دیں جوان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اس کے علاوہ انہوں نے اداکاری کے بھی جوہر دکھائے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔ مہیش منجیکرنے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی اکثرفلموں واستو اور احساس سمیت کئی بلاک بسٹرفلموں میں کام کیا۔

کنال کوہلی:

https://img.express.pk/media/images/05-kunnal/05-kunnal.webp

ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹرکنال کوہلی بالی ووڈ کی صف اول شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں،بھارتی انڈسٹری کو ''ہم تم'' اور '' فنا'' جیسی کامیاب فلمیں دینے والے کنال کوہلی نے اب ادکاری میں بھی قدم رکھ دیا ہے وہ اپنی ہی فلم '' پھرسے'' میں مرکزی کردار اداکررہے ہیں جو آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی ۔ اب دیکھتے ہیں کہ ہدایت کاری میں کامیابی کے پنجے گاڑنے والے کنال کوہلی اداکاری میں کیا گرکھلاتے ہیں۔