افغانستان سہولتیں دے سرمایہ کاری کرینگے زبیر موتی والا

تجارتی مسائل کے حل کیلیے کردارادا کرنے کو تیار ہیں، افغان نائب وزیرتجارت


Business Reporter October 11, 2012
پاک افغان جوائنٹ چیمبر وفد کا دورہ کابل، مشترکہ اجلاس میں اقتصادی تعلقات پر گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی چیمبرآف کامرس کے سابق صدراورسندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین زبیرموتی والا کی قیادت میں پاکستانی تاجروں کے کابل میں موجودوفد اورافغانستان کے تاجروں کا مشترکہ اجلاس کابل میں ہوا جس میں دونوں ممالک کے تاجروں کو درپیش مشکلات کودورکرنے اور دوطرفہ تجارتی واقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاک افغان جوائنٹ چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفدکے سربراہ زبیر موتی والا نے افغانستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلیے سہولتیں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی تاجراور سرمایہ کار مشترکہ اور انفرادی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔

موجودہ تجارتی رکاوٹیں حکومتی کوششوں سے دور کی جا سکتی ہیں۔ افغانستان کے نائب وزیر تجارت وصنعت مزمل شنواری نے کہاکہ ان کی وزارت پاکستان اور افغانستان کے چیمبرزکی کوششوں کی حمایت کرتی ہے اوردوطرفہ تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کوتیارہے۔ افغانستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈپٹی چیئرمین اور پاک افغان مشترکہ چیمبرز کے نائب سربراہ خان جان علی کوزئی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جس میں زیادہ حصہ پاکستانی برآمدات کا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی وفد نے افغان تاجروں کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص قالین سازی، فارما سیوٹیکل، پھلوں، قیمتی پتھروں، تعمیراتی سامان کی تجارت کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔