پولیس کی بھاری نفری کا سندھ یونیورسٹی ہاسٹل پر چھاپہ2طلبہ گرفتار

ایک تنظیم کے طلبہ کا پرووسٹ ہاسٹل کے دفتر پر حملہ،توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی، تمام ریکارڈ، فرنیچر اور برقی آلات تباہ.


Nama Nigar October 11, 2012
جامشورو پولیس نے بغیر اطلاع کارروائی کی، جامعہ انتظامیہ، وائس چانسلر نے تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا دی۔ فوٹو: فائل

پولیس کی بھاری نفری نے سندھ یونیورسٹی کے بوائز ہاسٹل پر چھاپہ مارکر2 طلباء کو گرفتار کر لیا ۔

جامعہ کی انتظامیہ نے ایک تنظیم سے تعلق رکھنے والے طلباء کی طرف سے پرووسٹ آفس کو آگ لگانے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سندھ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ جامشورو پولیس نے اطلاع دیے بغیر ڈی بلاک ہاسٹل پر چڑھائی کرکے مختلف کمروں کی تلاشی لی۔

اور 2 طلباء کو گرفتار کر لیا، واقعے کے رد عمل میں ایک تنظیم سے وابستہ طلباء نے ہاسٹلز کے مین گیٹ کے قریب واقع پرووسٹ ہاسٹل کے دفتر پر علی الصباح حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگادی جسکے نتیجے میں پرووسٹ کے دفتر کا تمام ریکارڈ، فرنیچر، برقی آلات اور دیگر سامان جل کرراکھ ہوگیا۔ بیان کے مطابق پولیس کو کارروائی سے قبل جامعہ کی انتظامیہ یا پھر پرووسٹ ہاسٹلز کو اطلاع دینی چاہیے تھی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کیلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو حقائق کو جانچنے کے بعد اپنی رپورٹ وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر اے مغل کو دیگی جسکے بعد مزید کوئی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

مقبول خبریں