نیپال میں پاک فوج کے فیلڈ اسپتال میں پیدا ہونے والے بچے کا نام لاہور رکھ دیا گیا

بچے کے والدین نے زلزلے کے موقع پر پاکستان کی مدد اور خدمات کا اعتراف کرتے ہیں نومولود کا نام لاہور رکھا۔


ویب ڈیسک April 30, 2015
نیپال کے شہر بختا پور میں پاک فوج کی جانب سے قائم فیلڈ اسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئی فوٹو؛ریڈیو نیپال

نیپال میں زلزلہ متاثرین کے علاج کے لئے قائم پاک آرمی کے فیلڈ اسپتال میں پیدا ہونے والے پہلے بچے کا نام لاہور رکھ دیا گیا۔

نیپال میں 5 روز قبل آنے والے قیامت خیز زلزلے کے بعد سے پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جہاں متاثرین کو راشن کی فراہمی، عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو کارروائیاں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے 30 بستر پر مشتمل فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔

نیپال کے شہر بختا پور میں متاثرہ افراد کے علاج کے لئے قائم کئے گئے پاک فوج کے فیلڈ اسپتال میں آج پہلے بچے کی پیدائش ہوئی جب کہ بچے کے والدین نے زلزلے کے بعد نیپال پر مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نومولود کا نام لاہور رکھ دیا۔

واضح رہے کہ نیپال میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے اشیائے خوردونوش سمیت ڈاکٹرز، طبی عملہ اور ریسکیو ٹیموں کو نیپال بھیجا گیا تھا۔

مقبول خبریں