چیف جسٹس سندھ نے صولت مرزاکے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں 

بتایاجائے صولت مرزا کیخلاف شاہدحامدقتل کے علاوہ مزید کتنے مقدمات ہیں؟جسٹس فیصل عرب


Staff Reporter May 06, 2015
بتایاجائے صولت مرزا کیخلاف شاہدحامدقتل کے علاوہ مزید کتنے مقدمات ہیں؟جسٹس فیصل عرب ۔ فوٹو:فائل

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس فیصل عرب نے ممبرانسپکشن ٹیم II سے کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہدحامد قتل کیس میں مجرم صولت مرزا کے مقدمات کے بارے میں تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے ایم آئی ٹی کوہدایت کی ہے کہ بتایاجائے کہ صولت مرزا کے خلاف شاہد حامد قتل کیس کے علاوہ مزید کتنے مقدمات ہیں؟۔

واضح رہے کہ صولت مرزانے پھانسی روکنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کوخط ارسال کیاہے،جمعہ خان ایڈووکیٹ کے توسط سے لکھاگیاخط جوجمعرات 30اپریل کوسندھ ہائیکورٹ کوموصول ہواتھا،اس میں پہلے ارسال کیے گئے3خطوط پرسندھ ہائیکورٹ آفس کی کارکردگی پر ناپسندیدگی کااظہارکرتے ہوئے صولت مرزانے موقف اختیارکیاکہ اس سے قبل4خطوط سندھ ہائیکورٹ کولکھے گئے تاہم سندھ ہائیکورٹ آفس نے کوئی کارروائی نہیںکی حالانکہ آفس کواپنی ذمے داری ادا کرناچاہیے تھی،سندھ ہائیکورٹ آفس نے انھیں مشورہ دیاتھاکہ صولت مرزاجومناسب سمجھیں وہ قانونی طریقہ اختیارکرسکتے ہیں۔

صولت مرزاکاکہناہے کہ اس کے نئے بیان کے مطابق دیگر6ملزمان کوگرفتارکرکے ان کاچالان عدالت میں پیش کیاجائے اوران کیخلاف بھی مقدمہ چلایاجائے،صولت مرزانے موقف اختیارکیاکہ مذکورہ مقدمہ قتل میں جس ملزم نے قتل کرنے کاحکم دیااس کو سزائے موت دی جائے اورجب تک مقدمے کاحتمی فیصلہ نہ ہو جائے اس وقت تک پھانسی روکی جائے اورہوم سیکریٹری بلوچستان، جیل سپرنٹنڈنٹ مچھ ودیگرکوہدایت کی جائے کہ وہ مقدمے کے حتمی فیصلے تک پھانسی کی سزا پر عملدرآمدروک دیں تاہم اس دوران جیل حکام کی درخواست پرانسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت05 ڈیتھ وارنٹ جاری کرچکی ہے جس کے مطابق صولت مرزاکو12مئی کوپھانسی دی جائیگی۔