نیب کی کارکردگی میں کراچی بیوروکا نمایاں حصہ ہے قمرزمان

کراچی بیورو 286انکوائریز کررہا ہے جن میں سے 146مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 140 پراسس میں ہیں، ڈی جی نیب


Staff Reporter May 08, 2015
کراچی بیورو 286انکوائریز کررہا ہے جن میں سے 146مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 140 پراسس میں ہیں، ڈی جی نیب۔ فوٹو: فائل

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) قمرزمان نے کہاہے کہ نیب کراچی نہایت اہم کیسز پرکام کررہا ہے۔

نیب کی مجموعی کارکردگی میں کراچی کا نمایاں حصہ ہے۔ یہ بات انھوں نے ریجنل آفس کراچی کے دورہ کے موقع پرکہی جہاں ڈائریکٹرجنرل نیب کراچی لیفٹیننٹ کرنل(ر) سراج النعیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انھیں مختلف کیسز، تحقیقات، انکوائریز اورریفرنسز کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ ڈی جی نیب نے بتایا کہ نیب کراچی نے 60شکایات کا جائزہ لیا جن میں سے 39نمٹا دی گئیں جبکہ 21 پرکام جاری ہے۔ انھوں نے مزیدبتایا کہ کراچی بیورو 286انکوائریز کررہا ہے جن میں سے 146مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 140 پراسس میں ہیں۔ دوسری جانب 140تحقیقات میں سے 19مکمل ہوئیں اور121 زیر تکمیل ہیں۔

دریں اثنا نیب کراچی نے 874.566 ملین روپے ریکورکیے جبکہ جنوری سے اپریل2015کے دوران 16ریفرنسز فائل کیے۔ چیئرمین نیب نے زوردیا کہ بدعنوانی کے بڑے کیسزنیب کی ترجیح ہونے چاہئیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے انڈونیشیاکی مثال دی۔ قمرزمان نے نیب کراچی کے افسران کے پیشہ ورانہ جذبے اورکام کے معیارکی تعریف کی اور کہاکہ 30جون کی ڈیڈلائن کے بعد کام کا بوجھ نسبتاً کم ہوجائے گا۔

انھوں نے مجرموں کی گرفتاری کے لیے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لانے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ شکایات کی تصدیق، انکوائریز، اورتحقیقات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہاکہ تمام افسران اسی محنت اور ذمے داری کا مظاہرہ جاری رکھیں اور بلاکسی خوف، دباؤ اور جانبداری کے یہی کارکردگی دکھاتے رہیں۔