ذوالفقارمرزا کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس نے ہنگامی پلان مرتب کر لیا

پولیس افسران و اہلکاروں کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے،ذرائع


Staff Reporter May 09, 2015
پولیس افسران و اہلکاروں کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے،ذرائع۔ فوٹو : محمد نعمان

سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی ریلی کے ہمراہ کراچی آمد اور عدالت میں پیش ہونے کے موقع پر ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے فوری طور پر ایک ہنگامی پلان (کنٹی جینسی) مرتب کیا گیا ہے۔

جس میں 300 پولیس افسران و اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی عدالت میں پیشی کے موقع پر امن و امان اور کسی بھی غیر معمولی صورت حال پر قابو پانے کے لیے رات گئے ہی پولیس کی نفری کو پی آئی ڈی سی چوک، سندھ سیکریٹریٹ، کلفٹن اور شاہین کمپلیکس چوک سمیت مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا کی عدالت پیشی کے موقع پر ان کے ہمراہ لوگوں کی بڑی تعداد متوقع ہے جبکہ پولیس کو یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ بدین سے مزید ریلی کراچی کی جانب جائیں گی جو ڈیفنس میں واقع ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے گھر پہنچیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورت حال پر قابو پانے کیلیے انکی بھی مدد حاصل کی جا سکے۔