بنگلہ دیش سے سیریز میں اظہرنے رنز کے انبار لگا دیے

پیسر وہاب ریاض 7 وکٹیں لے کر سیریز کے دوسرے کامیاب بولر بنے


Sports Desk May 10, 2015
پیسر وہاب ریاض 7 وکٹیں لے کر سیریز کے دوسرے کامیاب بولر بنے۔ فوٹو/ایکسپریس

بنگلہ دیش سے2 ٹیسٹ کی سیریز میں اظہر علی نے رنز کے انبار لگا دیے، نوجوان بیٹسمین سمیع اسلم خاص تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے، بولنگ میں یاسر شاہ نے 10 اور وہاب ریاض نے 7 وکٹیں لے کر صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف3 اننگز میں اظہر علی نے سب سے زیادہ 334 رنز جوڑے، ان کی بہترین انفرادی کاوش 226رنز رہی، یہ اظہرکے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری شمار ہوئی، ون ڈے اور ٹی 20 میں یکسر ناکام رہنے والے محمد حفیظ نے بھی پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری(224) بنائی مگر دوسرے میچ میں بُری طرح ناکام رہے، انھوں نے تین اننگز میں مجموعی طور پر 232رنز بنائے، یونس خان بھی بنگال ٹائیگرز کیلیے دردسر بنے رہے، انھوں نے 148 کی ایک انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 220رنز اپنے نام جوڑے، نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین اسدشفیق نے بھی میرپور میں تھری فیگر اننگز کھیل کر دورے کو کامیاب بنایا۔

ان کے مجموعی 205 رنز میں 107 کی انفرادی اننگز بہترین رہی، کپتان مصباح الحق نے 150رنز بٹورے، جس میں 82 بہترین اننگز شمارہوئی، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 3 مواقع ملنے پر 121رنز بنائے، ان کی بہترین کاوش 82 رہی، نوجوان بیٹسمین سمیع اسلم کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے، انھوں نے مجموعی طورپر 47 رنز اسکور کیے۔

جس میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور 20 رہا۔بولنگ میں نوجوان لیگ اسپنر یاسر شاہ نے عمدہ پرفارمنس سے میلہ لوٹ لیا، انھوں نے مجموعی طور پر سیریز میں 10وکٹیں اپنے نام کیں، اننگز میں ان کی بہترین پرفارمنس میرپور میں 73رنز کے عوض4 شکار رہی،اسی میچ میں131رنز کے عوض مجموعی طور پر 7 وکٹوں کی پرفارمنس نے انھیں سب سے نمایاں کردیا، پیسر وہاب ریاض 7 وکٹیں لے کر سیریز کے دوسرے کامیاب بولر بنے جبکہ محمد حفیظ نے اپنی اسپن بولنگ کی بدولت 6 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ورلڈ کپ کے دوران انجرڈ ہونے والے پیسر جنید خان نے قومی ٹیم میں واپسی پر5وکٹیں لیں، اسپنر ذوالفقار بابر نے 3 اور فاسٹ بولر عمران خان نے 2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔