گاڑیوں کی تصدیق اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے لیے موبائل سروس شروع کرنے کا فیصلہ

شہری ایس ایم ایس کے ذریعے لوگ اپنی گاڑی کا ماڈل، انجن اور چیسز نمبر معلوم کرسکیں گے


Staff Reporter May 11, 2015
آئندہ ہفتے ٹریفک پولیس اور موبائل کمپنی میں معاہدہ طے پانے کا امکان ہے،ٹریفک ذرائع۔ فوٹو: فائل

ٹریفک پولیس حکام نے شہریوں کو پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کی تصدیق ودستاویزات کی جانچ پڑتال کے لئے ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں آئندہ ہفتے ٹریفک پولیس حکام اورنجی موبائل کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔

ٹریفک ذرائع کاکہناہے کہ ایس ایم ایس سروس کے تحت شہریوں کے لیے ایک مخصوص نمبر جاری کیا جائے گا اور شہری جیسے ہی اپنے ڈرائیونگ لائسنس پردرج نمبرزایس ایم ایس کے ذریعے ٹریفک پولیس کے نمبر پر بھیجیں گے تو شہریوں کو فوری طور پر واپس ایس ایم ایس موصول ہوگا اور اس ایس ایم ایس میں شہریوں کو بتایا جائے گا کہ ان کا ڈرائیونگ اصلی یا پھر جعلی ہے،اگر شہریوں کا ڈرائیونگ لائسنس جعلی نکلا تو جعلی لائسنس بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اگر کوئی شہری گاڑی خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے تووہ شہری ٹریفک پولیس کی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے مذکورہ گاڑی کے مالک کا نام گاڑی ماڈل نمبر، انجن نمبر اور چیسز نمبر جاننے کے علاوہ اس بات کاپتہ بھی لگاسکے گاکہ گاڑی کبھی چوری یا چھینی تو نہیں گئی تھی۔