کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک

سہراب گوٹھ افغان کیمپ کے قریب رینجرز نے محاصرہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی


Staff Reporter May 16, 2015
ملزمان کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچادی گئی ہیں۔فوٹو : فائل

گلشن معمار میں رینجرز مقابلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے ، دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ، ہلاک ہونے والے ملزمان کی قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے سے متصل افغان کیمپ کے قریب ہیبت گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کیا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے رینجرز افسران و اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس پر رینجرز نے مورچہ بند ہو کر دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں3 دہشت گرد مارے گئے ۔

دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف ، ایک ٹی ٹی پستول اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔ گلشن معمار پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزموں کی تا حال شناخت نہیں کی جا سکی ، ملزمان کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچادی گئی ہیں۔