کراچی اسٹاک مارکیٹ میں محدود تیزی سے 32600 کی حد بحال

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 41 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 8 کروڑ3 لاکھ40 ہزار 830 حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter May 22, 2015
کاروباری حجم بدھ کی نسبت 41 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 8 کروڑ3 لاکھ40 ہزار 830 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی کاروباری سرگرمیاں سست رفتار رہیں اور اکثریتی سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

محدود پیمانے پر تیزی سے اگرچہ انڈیکس میں معمولی اضافے انڈیکس کی32600 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی لیکن 47.32 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ سرمایہ کاروں کے ایک ارب 69 کروڑ38 لاکھ96 ہزار136 روپے ڈوب گئے۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر92.12 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن فروخت اور منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔

جس سے ایک موقع پر42 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران دوراندیش سرمایہ کاروں نے نچلی قیمتوں پر آنے والے مستحکم کمپنیوں کے حصص کی محدود پیمانے پر خریداری کی نتیجتاً مندی کے اثرات زائل ہوئے اور مارکیٹ میں محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی۔ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر36 لاکھ97 ہزار707 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے9 لاکھ80 ہزار 977 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے31 لاکھ44 ہزار 836 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے1 لاکھ 10 ہزار778 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

محدود تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈٰیکس18.74 پوائنٹس کے اضافے سے 32617.74 ہوگیاجبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 4.98 پوائنٹس کے اضافے سے 20743.82 اور کے ایم آئی30 انڈیکس104.30 پوائنٹس کے اضافے سے 53350.47 ہوگیا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 41 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 8 کروڑ3 لاکھ40 ہزار 830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار336 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں148 کے بھاؤ میں اضافہ، 159 کے داموں میں کمی اور29 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں انڈس ڈائینگ کے بھاؤ 40.94 روپے بڑھ کر 880.94 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ30 روپے بڑھ کر985 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ 162.92 روپے کم ہو کر 3228.58 روپے اور ہینوپاک موٹرز کے بھاؤ 25.82 روپے کم ہو کر 1084.95 روپے ہوگئے۔