ٹیکس نادہندہ سرکاری اداروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ایف بی آر کے تمام ماتحت ادارے پیر کو اجلاس میںنادہندہ اداروں کی لسٹ پیش کرینگے


Irshad Ansari October 13, 2012
ایف بی آر کے تمام ماتحت ادارے پیر کو اجلاس میںنادہندہ اداروں کی لسٹ پیش کرینگے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈآف ریونیو نے اربوں روپے کے ٹیکس نادہندہ اور واجبات ادا نہ کرنے والے سرکاری ،نیم سرکاری اور خود مختارداروںکے خلاف کارروائی کرنے کااصولی فیصلہ کیاہے جس کیلیے ایف بی آرنے ایسے نادہندہ اداروںکی فہرست تیارکرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔

ایف بی آر کے سینئرافسرنے جمعہ کے روز''ایکسپریس''کو بتایاکہ چیئرمین ایف بی آرعلی ارشدحکیم نے پیرکو لاہورمیںاعلی سطح کااجلاس طلب کرلیاہے جس میںپنجاب اورصوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمام چیف کمشنرز، ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز اربوں روپے کے ٹیکس ڈیفالٹرز اور ٹیکس واجبات ادانہ کرنے والے سرکاری و نیم سرکاری اورخود مختارداروںکی فہرست پیش کریںگے۔

ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین ایف بی آر نے تمام فیلڈفارمشنزکوہدایات جاری کی ہیں کہ رواںسہ ماہی(اکتوبرتا دسمبر)کے دوران ٹیکس وصولیوںکانہ صرف ہدف حاصل کیاجائے بلکہ گذشتہ سہ ماہی(جولائی تاستمبر)کے دوران ٹیکس وصولیوں میںہونے والے 27 ارب روپے کے شارٹ فال کوبھی پوراکیاجائے،ذرائع نے بتایاچیئرمین کی منظوری سے ان اداروںکے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔