پی سی بی نے تمام ملازمین کے کمنٹری کرنے پر پابندی لگا دی

چیف سلیکٹرکو ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اجازت دینا ہماری غلطی تھی، چیئرمین


Sports Desk June 06, 2015
چیف سلیکٹرکو ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اجازت دینا ہماری غلطی تھی، چیئرمین۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے اپنے تمام ملازمین کے کمنٹری کرنے پر پابندی لگا دی، چیئرمین شہریارخان نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ ہم کسی آفیشل کو کرکٹ کمنٹری کی اجازت نہیں دیتے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کو حالیہ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں مجبوراً کمنٹری کرنی پڑی لیکن یہ بورڈ کی غلطی تھی، آئندہ ایسا ہرگز نہیں ہو گا،کوئی بھی تنخواہ دار پی سی بی آفیشل براڈکاسٹنگ نہیں کر سکتا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو واضح طور پر بتا دیا گیا تھا کہ جس دن وہ آئی سی سی کے صدر بنے پی سی بی میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکیں گے،انھیں رکن گورننگ بورڈ اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی کے عہدے چھوڑنا پڑیں گے، یہ بات نجم سیٹھی کو اچھی طرح معلوم تھی۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی نے اگلے سال سے کسی سابق ٹیسٹ کرکٹر کو اپنا صدر بنانے کا فیصلہ نجم سیٹھی کی وجہ سے نہیں کیا، ایسا بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے سابق صدر مصطفیٰ کمال کے ساتھ پیش آنے والے مسائل کے پیش نظر ہوا، اس کا اطلاق آئندہ سال سے ہونا ہے،اس دوران نجم سیٹھی نے پاکستان کے کسی کرکٹر کو اس عہدے پر فائز دیکھنے کی خواہش کے پیش نظر خود عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔