جاوید میانداد نے نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لیے خدمات پیش کردیں

بورڈ میں میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں لیکن میں پاکستان میں کرکٹ کا حشر ہاکی جیسا ہوتا نہیں دیکھ سکتا،جاوید میانداد


Sports Desk June 14, 2015
بورڈ میں میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں لیکن میں پاکستان میں کرکٹ کا حشر ہاکی جیسا ہوتا نہیں دیکھ سکتا،جاوید میانداد۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان جاوید میانداد نے نوجوان کرکٹرز کی تربیت کیلیے اپنی خدمات پیش کردیں۔

جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ مجھے مختلف ممالک سے بارہا کوچنگ کی پیشکش ہوئیں مگر انھیں قبول نہیں کیا کیونکہ میری زندگی پاکستان کرکٹ کے لیے وقف ہے،میں اپنے ملک کو ہی کچھ واپس لوٹانا چاہتا ہوں، پی سی بی کی پالیسیز سے لاکھ اختلافات کے باوجود میری خدمات پاکستان کرکٹ کی بہترین کیلیے کسی بھی پوزیشن پر حاضر ہیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ اگر مجھے آئی سی سی کا صدر بننے کی پیشکش ہوتی تو فوراً اسے ٹھکرا دیتا کیونکہ یہ ایک نمائشی عہدہ اور بغیر اختیارات کے کرکٹ میں بہتری نہیں لائی جاسکتی، میں سمجھتا ہوں کہ ظہیر عباس کو بھی یہ نمائشی عہدہ دلا کرضائع کردیا گیا ہے۔ جمعے کو اپنی 58 ویں سالگرہ منانے والے جاوید میانداد نے مزید کہا کہ بورڈ میں میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں لیکن میں پاکستان میں کرکٹ کا حشر ہاکی جیسا ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔