جلدی بیماری سے زندگی کوخطرہ لاحق ہوسکتاہے ماہر جلدی امراض

 بیماری ارٹیکیریا ہاتھ صاف نہ رکھنے اور پیٹ میں کیڑے پیدا ہوجانے سے ہوتی ہے، ڈاکٹر منظور


Staff Reporter June 19, 2015
یہ بیماری ادویات کے ردعمل اور ذیابیطس بڑھنے کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے، ڈاکٹر منظور۔ فوٹو: فائل

ماہر امراض جلد ڈاکٹر منظور میمن نے کہا ہے کہ جلد کی بیماری ارٹیکیریاکی سنگین کیفیت میں حلق، زبان یا پھیپڑوں میں سوجن آسکتی ہے اور سانس لینے میں بھی دشواری ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

دی یوودھ ان ایسوسی ایشن کے تحت کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر منظور میمن کا کہنا تھا کہ اس بیماری کو مختلف زبانوں میں مختلف نام دیے گئے ہیں، اس بیماری میں جلد پر سرخ اور سفید دھبے پڑ جاتے ہیں، سوجن سمیت خارش بھی ہوسکتی ہے جب کہ اس کیفیت میں خارش، سوجن اور چبھن بیک وقت بھی ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹر منظور نے بتایا کہ اس بیماری کی بہت سی وجوہات ہیں جیسے بیت الخلا کے استعمال کے بعد ہاتھ نہ دھونے، دانت برش نہ کرنے سے پیٹ میں کیڑے پیدا ہوجانابھی اس بیماری کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے، یہ بیماری ادویات کے ردعمل اور ذیابیطس بڑھنے کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے، مریض کی آنکھیں اور ہونٹ سوجھ جاتے ہیں جن میں شدت پیدا ہونے کے بعد حلق میں بھی سوجن آجاتی ہے اور سانس لینا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شدت بڑھنے کی صورت میں مریضوں میں خود اعتمادی کم ہو جاتی ہے جب کہ مریض کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔