امریکی صدر اوباما کی مسلمانوں کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد

اس مہینے میں دنیا بھر کےمسلمان مصیبت میں گھرے، بھوکے، تنگ دست اور بیمار لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں، امریکی صدر


APP June 19, 2015
امریکا مسلم اکثریت والے ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا، امریکی وزیرِ خارجہ ۔فوٹو: فائل

امریکی صدر براک اوباما نے امریکا سمیت دنیا بھرکے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صبر، شکر گزاری اور عبادت کا مہینہ ہے۔

جس میں دنیا بھر کے مسلمان مصیبت میں گھرے، بھوکے، تنگ دست اور بیمار لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔وائس آف امریکا کے مطابق اپنے پیغام میں اوباما نے کہا کہ وہ اس رمضان بھی امریکی مسلمانوں کو وائٹ ہاؤس میں افطار کی دعوت دیں گے اور مسلمانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

ایک علیحدہ بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے محکمہ خارجہ کی طرف سے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی اور کہا کہ امریکا مسلم اکثریت والے ملکوں کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔