بنگال ٹائیگرز پھر بھارتی شیروں پر جھپٹنے کو تیار

بنگال ٹائیگرز ایک اور ایشیائی سپر پاور کو روند کر نئی تاریخ رقم کرنے کو بے چین ہیں


Sports Desk June 21, 2015
زمبابوے اور پاکستان کے بعد تیسری ہوم سیریز میں بنگال ٹائیگرز کی جانب سے حیران کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان دوسرا ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم کو اپنے وقار کے لالے پڑگئے، بنگال ٹائیگرز ایک اور ایشیائی سپر پاور کو روند کر نئی تاریخ رقم کرنے کو بے چین ہیں، بنگلہ دیشی کوچ چندریکا ہتھورا سنگھے کہتے ہیں کہ گذشتہ مقابلے کے بانسبت اس بار مزید بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔ دوسری جانب مہمان سائیڈ کو پہلے میچ میں ناکامی کے جھٹکے سے سنبھلنے کا چیلنج درپیش ہے۔

کھلاڑی ابھی تک حیرت سے باہر نہیں نکل پائے ہیں، روہت شرما کہتے ہیں کہ اب ہمیں زیادہ احتیاط سے میدان میں اترنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف پہلے میچ میں 79 رنز کی شاندار کامیابی کے بعد اب بنگلہ دیش کی نگاہیں تین ون ڈے میچز کی سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ زمبابوے اور پاکستان کے بعد تیسری ہوم سیریز میں بنگال ٹائیگرز کی جانب سے حیران کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جمعرات کی فتح سے قبل بنگلہ دیش نے بھارت سے صرف 3 کامیابیاں حاصل کی تھیں جن میں سے ایک تین باہمی سیریز میں حاصل ہوئی تھی، ایک ورلڈ کپ 2007 اور ایک ایشیاکپ 2012 میںحاصل کی تھی۔

بھارت کو جمعرات کو اس وقت بنگلہ دیشی ٹیم میں تبدیلی آنے کا احساس ہوا جب تمیم اقبال اور سومیہ سرکار نے ٹیم کو 100 سے زائد کی بنیاد فراہم کی تھی اور پھر پہلی مرتبہ بنگال ٹائیگرز نے بھارت کے خلاف 300 سے زائد کا مجموعہ تشکیل دیا اور جواب میں حریف سائیڈ کو ہدف سے کہیں پہلے ڈھیر بھی کردیا۔ میزبان سائیڈ کی جانب سے دوسرے ون ڈے میں بھی اپنے نئے 4 رکنی پیس اٹیک کو برقراررکھے جانے کا امکان ہے ۔ بنگلہ دیشی کوچ چندریکا ہتھوراسنگھے کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں کامیابی کے باوجود میں ٹیم کی پرفارمنس سے خوش نہیں، ہمیں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

جیسی کارکردگی پاکستانی ٹیم کے خلاف پیش کی تھی، میں ویسی ہی چاہتا اور دوسرے میچ میں زیادہ بہترکھیل پیش کریں گے۔دوسری جانب میچ سے قبل پریس کانفرنس میں بھارتی اوپنر روہت شرما نے بھی اپنی الیون میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے پاس ہارنے کو کچھ نہیں تھا جبکہ ہمارے پاس بہت کچھ تھا لیکن اس بار ہم زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کریں گے۔