نو برس بعد فتح پاکستانی در پر دستک دینے لگی

کل شروع ہونے والے کولمبو ٹیسٹ میں کامیابی سیریزکی ٹرافی مصباح کے تھامنے پر مہر تصدیق ثبت کردیگی


Sports Desk June 24, 2015
کولمبو ٹیسٹ میں کامیابی سیریزکی ٹرافی مصباح کے تھامنے پر مہر تصدیق ثبت کردیگی۔ فوٹو: اے ایف پی

9سال بعد فتح پاکستانی در پر دستک دینے لگی، جمعرات کو شروع ہونے والے کولمبو ٹیسٹ میں کامیابی سری لنکا سے سیریزکی ٹرافی مصباح کے تھامنے پر مہر تصدیق ثبت کردے گی،

تفصیلات کے مطابق گال میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلیے کولمبو میں ڈیرے ڈال چکی ہے،گذشتہ روز کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ وقار یونس اور معاون کوچز کی رہنمائی میں پی سارا اوول گرائونڈ میں 3 گھنٹے کا طویل پریکٹس سیشن کیا، اس دوران پلیئرز نے فیلڈنگ خصوصاً کیچنگ پر توجہ دی، بولنگ ہتھیار چمکانے کیلیے بھرپور پریکٹس کی گئی۔

بیٹسمین اپنی تکنیکی خامیاں دور کرنے کیلیے نیٹ میں سرگرم رہے، یاد رہے کہ گال ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذر ہونے کے باوجود پاکستان نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے 10وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی تھی، پہلی اننگز میں ایک مرحلے پر مہمان ٹیم نے صرف96رنز پر 5وکٹیں گنوا دی تھیں، مگر سرفراز احمد، اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کی عمدہ پارٹنر شپس کی بدولت 117رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، باقی کام یاسرشاہ کی کرشماتی بولنگ نے کردکھایا، لیگ اسپنر نے صرف 76رنز دے کر 7وکٹیں لیں اور فتح پاکستان کی جھولی میں گر گئی۔

دوسرے ٹیسٹ میں جیت سے پاکستان کو سری لنکن سرزمین پر9سال بعد ٹیسٹ سیریزجیتنے کا موقع ملے گا، کولمبو کی پچ سپورٹنگ ہونے کی وجہ سے گرین کیپس کیلیے اپنا مشن مکمل کرنے کا سنہری موقع ہے، 2005کے بعد سے یہاں مسلسل8ٹیسٹ نتیجہ خیز ثابت ہوئے، سری لنکا کو اس وینیو پر گذشتہ تینوں مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، بھارت نے 2010 میں فتح حاصل کی جبکہ 2012میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو زیر کیا تھا، پاکستان اور سری لنکا کے مابین پی سارا اوول گرائونڈ میں مجموعی طور پر 3ٹیسٹ ہوئے،1986کا میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

بعد ازاں دونوں ٹیمیں یہاں 1994میں مقابل آئیں توگرین کیپس نے 301رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی سمیٹی، 2009 میں مہمان ٹیم کو 7وکٹ سے مات ہوئی تھی،گال ٹیسٹ میں فتح سے بلند حوصلہ مصباح الحق الیون اس بار بدلہ چکانے اور سیریز کو فیصلہ کن بنانے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،گذشتہ سیریز میں پاکستانی بیٹسمینوں کیلیے درد سر بنے رہنے والے رنگانا ہیراتھ کا خوف بھی سر سے اتر چکا، ہیڈ کوچ وقار یونس اور کپتان دونوں میزبان اسپنر کے حربے ناکام بنانے کو ہی کامیابی کی کنجی سجھ رہے ہیں۔

انجری کے بعد واپس آنے والے جنید خان گال ٹیسٹ میں وہاب ریاض کا بھرپور ساتھ نہیں دے سکے،انھیں ردھم میں آنے کیلیے وقت درکار ہے، کولمبو میں اسپنرز کے ساتھ پیسرز کو بھی پرفارم کرنے کا موقع ملے گا،مہمان ٹیم میں عمران خان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، وننگ کمبی نیشن کے ساتھ مزید چھیڑ چھاڑ کی ضرورت محسوس نہیں کی جارہی۔ٹیسٹ کے پہلے روز میدان کے آس پاس بادل تو نظر آئیں گے تاہم کھیل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔