باغی لیگ کے چرچے آئی سی سی میٹنگز میں بھی پہنچ گئے

رواں ہفتے بھارتی میڈیا گروپ کی دھماکا خیز ٹی20لیگ کے خطرے پربھی بات ہو گی


Sports Desk June 24, 2015
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کی ممکنہ بغاوت روکنے کیلیے منصوبہ بندی کر لی ۔فوٹو: فائل

ISLAMABAD: باغی لیگ کے چرچے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز میں بھی پہنچ گئے، رواں ہفتے میں بھارتی میڈیا گروپ کی دھماکا خیز ٹوئنٹی 20 لیگ کے 'خطرے' پر بھی بات ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز کا آغاز پیر سے بارباڈوس میں ہوگیا، ایک ہفتے پر محیط ان میٹنگز میں مختلف معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور مختلف ایشوز پر فیصلے بھی ہوں گے۔ اس دوران بھارت کے ایسل گروپ کی جانب سے باغی لیگ کا اجرا بھی گرما گرم بحث کا باعث بنا رہے گا، آئی سی سی اس 'خطرے' کو کافی سنجیدگی سے لے رہی اور سدباب پر بھی غور کیا جائے گا۔

ایسل گروپ کے مالک سبھاش چندرا کی جانب سے2007 میں انڈین کرکٹ لیگ کے نام پر باغی میلہ سجایا گیا، ڈالرز کی چمک سے کئی مشہور کھلاڑیوں کو اپنے بورڈز سے بغاوت پر آمادہ کیا گیا تھا، اب بھی اس کی جانب سے ویسی ہی کوششیں کی جارہی ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تصدیق کرچکے کہ انھیں اس لیگ کا حصہ بننے کیلیے 10 برس کے معاہدے کے عوض 50 ملین ڈالرز کی پیشکش ہوئی۔ کرکٹ آسٹریلیا اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ صرف وارنر ہی نہیں بلکہ کئی دیگر کینگرو پلیئرز سے بھی باغی لیگ کی جانب سے رابطہ کیاگیا ہے۔

سی اے نے اپنے کھلاڑیوں کو بغاوت سے روکنے کیلیے کوششیں تیز کردی ہیں۔اس سلسلے میں ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ جلد لندن پہنچنے والے ہیں جہاں وہ پہلے سے موجود آسٹریلوی ٹیم سے نئے کنٹریکٹس کے بارے میں بات کریں گے۔ رواں کنٹریکٹس 30 جون کو ختم ہوجائیں گے، اس سے قبل نئے پر دستخط ہونا ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پہلے ہی کھلاڑیوں کو ایک کے بجائے 2 یا اس سے زائد برس کے معاہدوں کی پیشکش ہوچکی،ہاورڈ اس سلسلے میں انھیں راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔