ٹائیگرزکا خوف بھارتی سورماؤں کی نیندیں اڑانے لگا

میزبان نے تاریخی کلین سویپ فتح کا خواب آنکھوں میں سجالیا


Sports Desk June 24, 2015
مستفیض الرحمان کی بولنگ کو جھیل نہیں سکتے توکیا انھیں اغوا کرلیں؟ایشون فوٹو : ایکسپریس

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کو کھیلا جارہا ہے، بنگال ٹائیگرز نے ایک اور تاریخی کلین سویپ فتح کا خواب اپنی آنکھوں میں سجالیا ہے اور ان کے خوف سے بھارتی سورمائوں کی نیندیں اڑگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کیخلاف پہلے ہی 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم اب ایک اور تاریخی کلین سویپ فتح کیلیے پُراعتماد ہے، ماضی میں وہ زمبابوے کیخلاف 5-0 اور پاکستان ٹیم سے 3-0 سے کامیابی حاصل کر چکی، اگر بھارت کیخلاف بنگال ٹائیگرز تیسرا میچ بھی جیتنے میں سرخرو ہوئے تو پھر دنیا لازمی طور پر ان کا نوٹس لینے پر مجبور ہوجائیگی۔ رواں برس بھارت نے اپنے 75 فیصد میچز میں کامیابی حاصل کی، اس نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ بنگلہ دیش کے دورے میں ایسی درگت بنے گی۔ مسلسل 2 ناکامیوں کی وجہ سے ٹیم کا مورال بھی گرچکا اور اب پوری توجہ صرف بحالی وقار پر ہی مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔

بنگلہ دیشی بیٹسمین مومن الحق گذشتہ روز نیٹس میں کافی بہتر دکھائی دیے، ان کیلیے لٹن داس کو باہر بٹھایا جاسکتا ہے، البتہ ٹیم مینجمنٹ وننگ کمبی نیشن سے چھیڑ چھاڑ کے زیادہ حق میں دکھائی نہیں دیتی، بیٹسمین ناصر نے کہاکہ سیریز میں کامیابی کا مطلب سہل پسندی نہیں ہے، ہم حریف کو تیسرے میچ میں بھی خود پر حاوی ہونے کیلیے ایک انچ کی بھی جگہ نہیں دینگے۔

دوسری جانب بھارتی بیٹسمین راہنے نے دوسرے میچ سے ڈراپ ہونے کے بعد ٹریننگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ نوجوان بولر مستفیض نے نقصان پہنچایا جنھوں نے ڈیبیو پر پانچ اور پھر دوسرے میچ میں 6 وکٹیں لیں۔ ان کے بارے میں سوال پر ایشون نے طنزاً کہاکہ اگر ہمارے پاس مستفیض کا کوئی توڑ نہیں تو پھر کیا کرسکتے ہیں؟ کیا ہمیں انھیں اغوا کرلینا چاہیے؟ انکے اس بیان سے ہی ثابت ہوتا ہے کہ نوجوان بولر بھارتی ٹیم کے اعصاب پر کس قدر حاوی ہوچکے ہیں۔