سائٹ میں پولیس مقابلہ 3 ڈکیت گرفتار اسلحہ اور مسروقہ ٹرک برآمد

رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8افرادکو حراست میں لے لیا


Staff Reporter October 16, 2012
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،ٹرک اور ٹرک پر لدا 50 لاک روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا. فوٹو: رائٹرز

سائٹ ایریا پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد قتل ،ڈکیتی اور مال بردار گاڑیوں کو چوری و چھیننے میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،ٹرک اور ٹرک پر لدا 50 لاک روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا گیا جبکہ ملزمان کے 7ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 8افرادکو حراست میں لے لیا،تفصیلات کے مطابق اے ایس پی سائٹ رانا شعیب محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ سائٹ بی پولیس نے حب ریور روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 ملزمان شکیل احمد عرف گلی عرف شوٹر ، قاسم ولد اقبال اور اللہ بخش ولد اشرف کو گرفتار کرکے 8 ایم ایم رائفل ،پستول،متعدد رائونڈ اور2 ٹرکوں پر لدا ہوا اجناس برآمدکرلیا۔

انھوں نے بتایا کہ ٹرک پر لوڈ سامان کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے ، ملزمان کے 7 ساتھی راجہ وقار ، وجاہت ، غفار ،صلاح الدین ،اکرام اور 2نامعلوم پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، رانا شعیب نے مزید بتایا کہ شکیل احمد عرف گلی گروہ کا سرغنہ ہے جوکہ اجرتی قاتل ہے،کارروائی میں حصہ لینے والے ایس ایچ او سائٹ بی اوردیگر اہلکاروں کیلیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے،علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق رینجرز نے اورنگی ٹائون اور انچولی میں کارروائی کرتے ہوئے 8سے زائد مشتبہ افرادکو حراست میں لے کر تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔