شام میں بحران کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 40 لاکھ تک پہنچ گئی

اقوامِ متحدہ کی پناہ گزینوں سے وابستہ تنظیم کے مطابق ربع صدی میں انسانی نقل مکانی کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔


ویب ڈیسک July 09, 2015
اقوامِ متحدہ کی پناہ گزینوں سے وابستہ تنظیم کے مطابق ربع صدی میں انسانی نقل مکانی کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے، فوٹو:فائل

KARACHI: اقوام متحدہ کے تحت پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق شام کو چھوڑ کر دیگر ممالک میں پناہ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد 40 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے تحت پناہ گزینوں کی تنظیم کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی ایک تنازعے کے بعد نقل مکانی کرنے والے افراد کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے اور اقوامِ متحدہ کے تحت ربع صدی میں انسانی نقل مکانی کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے ۔ رپورٹ کے تحت دیگر ممالک میں پناہ لینے والے شامی باشندوں کی تعداد 40 لاکھ 13 ہزارہوگئی ہے جب کہ 76 لاکھ افراد اپنے ہی ملک میں دربدرہیں اوران میں سے 18 لاکھ افراد ترکی ، 2 لاکھ سے زائد عراق اور 6 لاکھ سے زائد پناہ گزین مصر میں موجود ہیں اس کے علاوہ صرف جون میں 24 ہزار افراد نے ترکی کا رخ کیا جو شام شہر تل ابیاد سے آئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کی تنظیم کے کمشنر انتونیو گیوٹرس کے مطابق پناہ گزینوں کو فوری طور پر بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے کیونکہ وہ بہت تیزی سے غربت میں دھنستے جارہے ہیں اور گزشتہ 10 ماہ میں مزید 10 لاکھ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں جب کہ سال کے اختتام تک اپنے گھروں کو خیرباد کہہ کر دوسرے ممالک میں جانے والے افراد کی تعداد 47 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہےکہ مارچ 2001 سے جاری شامی تنازعے میں اب تک 2 لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں