ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونیوالوں کے ساتھ تعاون کریں گے سربراہ پاک فوج

جنرل راحیل شریف نےکوئٹہ میں سدرن کمانڈہیڈکوارٹرکا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک July 10, 2015
ایف سی اور پولیس کی کارروائیوں سے صوبے میں فرقہ واریت میں کمی واقع ہوئی، آرمی چیف فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تشدد کا راستہ چھوڑنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں آنے والوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

https://img.express.pk/media/images/q40/q40.webp

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں ہیڈ کوارٹر سدرن کمانڈر کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان میں سیكیورٹی اور امن وامان كی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ اس موقع پر سول اورفوجی حكام بشمول چیف سكریٹری،آئی جی ایف سی بلوچستان اور آئی ایس آئی كے سربراہ بھی موجود تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو بریفنگ میں بتایا گیا كہ بلوچستان میں امن و امان كی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ایف سی اور پولیس كی جانب سے دہشت گردوں اور دیگر مجرموں كے خلاف كامیاب آپریشنز كی وجہ سے جرائم كی شرح كم واقع ہوئی ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q116/q116.webp

https://img.express.pk/media/images/Army-chief-brief/Army-chief-brief.webp

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس موقع پر صوبے میں امن و امان كی صورتحال میں نمایاں بہتری لانے پر ایف سی اور قانون كا نفاذ كرنے والے دیگر اداروں كی تعریف كی۔ انہوں نے صوبائی حكومت كو ہر ممكن تعاون كا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی كے لیے كوشاں بلوچ عوام كا پورا ساتھ دیا جائے گا، سول اور فوجی تعاون اور مشتركہ اقدامات سے ہی بلوچستان كے ایك توانائی اور تجارتی محور كے طور پر ابھرنے كا خواب شرمندہ تعبیر ہوسكتا ہے۔انہوں نے ان لوگوں كا بھی خیر مقدم كیا جنہوں نے تشدد كا راستہ ترك كركے ہتھیار ڈالے۔

https://img.express.pk/media/images/q211/q211.webp

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ بات بڑی حوصلہ افزا ہے كہ علیحدگی پسند عناصر دوبارہ قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں ان افراد كی بحالی كے لیے ہر ممكن تعاون كیا جائے گا تاكہ یہ ایك پر امن اور با مقصد زندگی گزار سكیں۔ جنرل راحیل شریف نے بلوچستان كی طول و عرض میں سڑكوں كا جال بچھانے پر فرنٹیئر وركس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)كی كوششوں اور اقدامات كی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نامساعد حالات كے باوجود یہ كارنامہ سر انجام دیا جو لائق تحسین ہے جب کہ آرمی چیف نے رواں منصوبوں كی بروقت تكمیل اور اس دوران معیار كو یقینی بنانے كی بھی ہدایت كی۔

مقبول خبریں