عبدالکلام ایک سائنسی چراغ گل ہوا

سابق بھارتی صدراور ممتاز سائنس دان ڈاکٹر عبدالکلام 83سال کی عمر میں انتقال کرگئے


Editorial July 29, 2015
سابق بھارتی صدراور ممتاز سائنس دان ڈاکٹر عبدالکلام 83سال کی عمر میں انتقال کرگئے، فوٹو:فائل

سابق بھارتی صدراور ممتاز سائنس دان ڈاکٹر عبدالکلام 83سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ ایک قلندر صفت انسان تھے۔ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے عہد کا خوبصورت باب تھے۔

ان کا چہرہ بھی ان کے کردار کی طرح منفرد تھا۔ وہ بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت شیلونگ میں لائیوایبل پلانیٹ ارتھ کورس میں شرکت کے دوران لیکچر دیتے ہوئے طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث زمین پر گر گئے تھے ۔ انھیں فوری طورپر اسپتال داخل کیاگیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت دل کادورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔

ابوالفقیر زین العابدین عبدالکلام بھارت کے11ویں صدرتھے۔ ڈاکٹر عبدالکلام تامل ناڈوکے ایک ساحلی علاقے کے غریب مسلم گھرانے میں 15اکتوبر 1931میں پیدا ہوئے۔ ابتدامیں اخبار بیچے اور محنت کر کے تعلیم حاصل کی اور بھارت کے صدر کے عہدے تک پہنچے۔ عبدالکلام نے 1999میں خودنوشت سوانح عمری ''ونگزآف فائر'' شایع کی جس نے فروخت کانمایاں ریکارڈ قائم کیا۔

مشہور بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے کہا کہ عبدالکلام نے امید کے لفظ کو نئے معانی دیے۔مرحوم کا قول تھا کہ '' آپ کو خواب کی تعبیر پانے سے پہلے خواب دیکھا ہوگا ،جب کہ آدمی کو مشکل پسند ہونا چاہیے کیونکہ کوئی بھی مشکل کامیابی کی کنجی ہے۔''پاکستان کے لیے بھی یہ سبق ہے کہ وہ اپنے سائنسدانوں 'شاعروں 'ادیبوں اور اہل علم کی قدر کرے۔بھارت اگر اپنے سائنسدان کو کسی سیاسی وفاداری اور تقاضا کیے بغیر صدر بنا سکتا ہے تو پاکستان ایسی روایت کیوں نہیں ڈال سکتا۔اس پر سوچا جانا چاہیے۔