چین ترقی پذیر ممالک کیلیے امید کی کرن بن چکا ہے زرداری

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں تسلیم کرتے ہیں، دوستی مضبوط ہوگی، چینی وفد


Numainda Express October 18, 2012
دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں تسلیم کرتے ہیں، دوستی مضبوط ہوگی، چینی وفد۔ فوٹو: فائل

GUANTANAMO BAY NAVAL BASE (CUBA): صدر آصف علی زرداری نے پاک چین جامع اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزہ رہنما اصول ہے۔

یہ بات انھوں نے چین کی کیمونسٹ پارٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن چانگ چن لی کے ساتھ ون آن ون اور بعد ازاں وفود کی سطح پر ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ چین کی طرف سے ملاقات میں چینی کمیونسٹ پارٹی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر وانگ جیاروئی، وزیر تعلیم یوآن گوئیرن، وزیر ثقافت کائی وو، وزیر برائے ایڈمنسٹریشن آف ریڈیو کائی فنشاؤ، منسٹر برائے جنرل ایڈمنسٹریشن آف پریس اینڈ پبلیکیشن لیو بنجائی اور چین کے سفیر لیو جیان بھی موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ چین ترقی پذیر ممالک کے لیے امید کی ایک کرن بن چکا ہے۔

چانگ چن لی نے چین کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے ایسے ہی خیالات کا جوابی اظہار کیا اور کہا کہ خطے میں جیسی مرضی تبدیلیاں عمل میں آئیں، دونوں ممالک کی دوستی نہ صرف جاری رہے گی بلکہ مضبوط سے مضبوط ہوگی۔