بچے کچھے دہشت گردوں کا بھی جلد صفایا

آپریشن ضرب عضب کو اس کے منطقی انجام سے قبل ہر گز ختم نہیں کرنا چاہیے تا آنکہ شدت پسندوں کا مکمل صفایا نہ ہو جائے


Editorial August 13, 2015
اب ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گرد یا ان کے سہولت کار موجود ہیں‘ ان کا خاتمہ ضروری ہو گیا ہے تا کہ وطن عزیز میں دیرپا بنیادوں پر امن قائم ہو سکے۔ فوٹو: فائل

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ''ضرب عضب'' حتمی مرحلے میں ہے اور بچے کچھے دہشت گردوں کا بھی جلد صفایا کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگرچہ جنرل راحیل شریف نے بالواسطہ انداز سے اشارہ کیا ہے کہ بچے کچھے دہشت گرد اب بھی موجود ہیں مگر ان کا بھی جلد صفایا ہونے والا ہے اور ویسے بھی وہ غیرفعال ہو چکے ہیں ورنہ توملک کی ہر جگہ ان کی دسترس میں تھی جہاں چاہتے دھماکا کر دیتے ایسی ایسی جگہوں پر بھی جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔ کسی کا تقدس محفوظ نہ تھا۔ لیکن آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گردی کی کارروائیاں بڑی حد تک بند ہو چکی ہیں۔ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے اگلے مورچوں کے معائنے دوران محاذ پر ڈٹے ہوئے فوجی جوانوں سے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز کے ان دشمنوں کو ملک بھر میں کہیں بھی جائے پناہ نہیں ملے گی اور بالآخر یہ اور ان کے سہولت کار اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

آرمی چیف نے گزشتہ روز اگلے مورچوں پر جاری آپریشنز کے دوران ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور فوجی آپریشنز میں اب تک ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے دشوارگزار علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف لڑائی کے دوران فوجی جوانوں کے بلند مورال کی بھی تعریف کی۔ ادھر سیکیورٹی فورسز نے کراچی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے یوم آزادی پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تحریک طالبان سوات کے نائب امیر بخت زمان سمیت کئی اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے چار پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ اس قسم کے واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ دہشت گرد ابھی پوری طرح بے بس نہیں ہوئے اور موقع بہ موقع مذموم کارروائی ڈال دیتے ہیں۔

نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو اس کے منطقی انجام سے قبل ہر گز ختم نہیں کرنا چاہیے تا آنکہ شدت پسندوں کا مکمل صفایا نہ ہو جائے۔ دہشت گردوں کے قبائلی علاقوں میں موجود ٹھکانے تقریباً ختم کر دیے گئے ہیں' شمالی وزیرستان دہشت گردوں کی سب سے محفوظ پناہ گاہ تھی' آپریشن ضرب عضب نے یہ ٹھکانے ختم کر دیے ہیں' اب ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گرد یا ان کے سہولت کار موجود ہیں' ان کا خاتمہ ضروری ہو گیا ہے تا کہ وطن عزیز میں دیرپا بنیادوں پر امن قائم ہو سکے۔