بھارت بالادستی کے سراب سے پیچھا چھڑائے

بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں درجنوں مکانوں کو شدید نقصان پہنچا اورمتعدد مویشی بھی زخمی ہوئے


Editorial August 20, 2015
بھارت جارحیت کی علت اور بالادستی کے سراب سے پیچھا چھڑا لے تو خطے میں امن کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بعض خواہشیں سوائے سراب کے کچھ نہیں ہوتیں، یہی حال بھارت کا ہے جوخطے میں بالادستی اور سپرپاور بننے کی ایک ایسی سراب خواہش کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے اور پڑوسی ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی بری علت میں مبتلا ہے، ایک جانب تو عالمی دباؤ پر بھارت پاکستان سے مذاکرات پر آمادگی ظاہرکرتا ہے تو دوسری جانب ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی روزانہ کی بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہے، گزشتہ روز بھارتی سیکیورٹی فورسزکی ورکنگ باؤنڈری پربلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے مزید ایک شہری شہید ہوگیا ہے۔

بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں درجنوں مکانوں کو شدید نقصان پہنچا اورمتعدد مویشی بھی زخمی ہوئے۔ جب پاکستان کی جانب سے رینجرز جوابی کارروائی کرتے ہیں، تو وہ دبک جاتے ہیں، پاکستانی سرحدی علاقوں میں رہنے والے انسانوں کی زندگی کے روزمرہ معاملات بری طرح متاثر ہوتے ہیں،گولہ باری کی وجہ سے گھروں میں محصور ہوجاتے ہیں،حد تو یہ ہے کہ تسلسل سے جاری بھارتی جارحیت کے باعث آزادکشمیر حکومت کو مجبوراً سرحدی علاقوں کے تمام تعلیمی ادارے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کرنا پڑا ہے۔

گولہ باری کی زد میں آنے والے سرحدی علاقوں میں کئی اموات واقع ہوئی ہیں اور وہاں کی آبادیاں نقل مکانی پر مجبور ہو چکی ہیں۔ یہ کہاں کی انسانیت ہے ، کیا وہ اپنی ان حرکتوں سے یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ وہ خطے میں واحد سپرپاور ہے، یہ بازو ہمارے بھی آزمائے ہوئے ہیں، وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کے لیے پاک فوج ہمہ وقت مستعد ہے ، کیونکہ پاکستانی عوام کی مکمل حمایت وتائید اسے حاصل ہے ، بھارت کے جو یہ چلن ہیں اور رنگ ڈھنگ ہیں ، اور جو بد عادات واطوار ہیں ، جسے ایک انتہا پسند تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص کے وزیراعظم بننے سے مزید شہ ملی ہے ، لیکن ایسا تکبر وغرور اور رعونت والی سوچ بھارت کو لے ڈوبے گی ۔

دراصل پاکستانی حکام کو بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور بے گناہ نہتے انسانوں کی جانوں کے ضیاع کے مسئلے کو اقوام عالم کے سامنے بھرپور طریقے سے پیش کرنا چاہیے تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کا اصلی چہرہ آجائے اور وہ جو امن اور بہتر تعلقات کا ایک راگ دنیا کے سامنے پیش کرتا ہے اس کا توڑکیا جاسکے ۔بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ جب تک اپنی منفی سوچ کو ترک نہیں کرے گا ، اس وقت تک خطے میں ایٹمی جنگ کے سیاہ بادل چھائے رہیں گے ، اور ڈیڑھ ارب انسان زندگی کی بنیادی سہولتوں کو ترستے رہیں گے، بھارت جارحیت کی علت اور بالادستی کے سراب سے پیچھا چھڑا لے تو خطے میں امن کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔