حکومت کامنشورپرعملدرآمدکی رپورٹ جاری کرنے کافیصلہ

وزیراعظم نوازشریف نے تمام وزراء کی کارکردگی رپورٹ طلب کی ہے۔


Irshad Ansari August 22, 2015
وزیراعظم نوازشریف نے تمام وزراء کی کارکردگی رپورٹ طلب کی ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وفاقی حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران اپنے انتخابی منشور پر عملدرآمد بارے تفصیلی رپورٹ جاری کرنیکا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرتسلی بخش کارکردگی پر وزراکے پورٹ فولیو بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں''ایکسپریس''کو دستیاب دستاویزکے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو لیٹر ارسال کئے گئے ہیں۔ جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ گزشتہ دوسال کے دوران پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے اعلان کردہ منشور پر عملدرآمد بارے رپورٹ مرتب کرکے بھجوائی جائے اور بتایا جائے کہ حکومتی جماعت نے اپنے منشور میں جو اعلان کررکھے ہیں ان پرکتنا عمل ہوا ہے اور گزشتہ دو سال کے دوران مالیاتی خسارے میں کمی، جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، توانائی بحران کے حل ،سرمایہ کاری میں اضافہ،ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ، وفاقی و صوبائی ٹیکسوں کی ریشنلائزیشن سمیت دیگر اہداف بارے بتایا جائے کہ کتنے فیصد اہداف حاصل کئے جا چکے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے تمام وزراء کی کارکردگی رپورٹ طلب کی ہے۔