50 سال قبل 24 اگست کو ہی بھارت نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی تھی

2015 میں 24 اگست کو ہونے والے مذاکرات بھی بھارتی ہٹ دھرمی کی نذر ہو گئے


APP August 24, 2015
بھارتی وزیر اعظم شاستری نے 24اگست 1965کو سرعام پاکستان کوجنگ کی دھمکی دی تھی۔ فوٹو: فائل

بھارت نے 50سال قبل آج ہی کے روز 24اگست 1965کو پاکستان پرحملے کی دھمکی دی تھی جب کہ اسی روز 2015میں ہونے والے قومی سلامتی کے مشیروں کے طے شدہ مذاکرات بھارتی ہٹ دھرمی کے نذر ہوگئے۔

قومی اخبارات میں چھپنے والی رپورٹس کے مطابق اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم شاستری نے 24اگست 1965کو سرعام پاکستان کوجنگ کی دھمکی دی تھی جب کہ ان کے وزیردفاع وائی بی چاون نے پارلیمنٹ میں کہا تھاکہ بھارت جب ضروری سمجھے گاسیزفائر لائن کوروند ڈالے گا۔ اسی روزپاکستان نے بھارت سے احتجاج کیاکہ پاکستان مخالف مہم بندکرے۔ لیاقت نہرو معاہدے کی خلاف ورزی کی بے بنیاداور غلط رپورٹیں تسلسل کے ساتھ تقسیم کرنے پربھارتی خارجہ امورکی وزارت کے ساتھ پاکستان نے احتجاج ریکارڈکرایا۔

اسی روز پاکستان کے مرکزی وزیرقانون ایس ایم ظفرنے کہا کہ رن کچھ تنازع پربننے والے ثالثی ٹربیونل میں پاکستان ثابت کرے گا کہ یہ علاقہ اس کاہے۔ اسی روزبھارتی افواج نے کومیلاضلع میں پاکستانی علاقے میں گھس کرڈیوٹی پرموجود ایک پاکستانی سپاہی کواغوا کرنے کی کوشش کی۔ اسی روز آزادکشمیر کے صدر عبدالحمید خان نے صدرپاکستان ایوب خان کو سیزفائر لائن پربھارتی بربریت سے آگاہ کیا۔ ٹھیک 50سال بعداسی دن 24اگست 2015 کو قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پرہونے والی بات چیت بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے منسوخ ہوگئی ہے۔