ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجروں کی ہڑتال

بینکاری لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک کا کاروباری طبقہ مسلسل احتجاج کر رہا ہے


Editorial September 11, 2015
پاکستان کے ٹیکس سسٹم میں خاصی خرابیاں ہیں، حکومت نے بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار ہے۔ فوٹو : فائل

بینکاری لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک کا کاروباری طبقہ مسلسل احتجاج کر رہا ہے۔ لیکن حکومت نے اس سلسلے کے حل کی طرف کوئی پیش رفت نہیں کی۔ گزشتہ روز بھی پاکستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، یہ ہڑتال کسی شہر میں کم اور کسی میں زیادہ رہی تاہم اخباری اطلاعات کے مطابق چھوٹی دکانیں کھلی رہیں۔

حکومت کے خلاف مظاہرے بھی کیے گئے، تاجروں نے اگلے مرحلے میں قومی شاہراہیںبند کرنے اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ تاجروں نے کہا کہ ایک روز میں 30 ارب روپے کے نقصان کے بعد بھی اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو 7 اکتوبر سے غیر معینہ مدت تک کے لیے ہڑتال کی جائے گی۔ تاجر تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ تین ملک گیر ہڑتالوں سے تاجروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا جس کی ذمے دار حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

جب ایک دن کے شٹر ڈاون سے وطن عزیز کو بھاری نقصان ہوتا ہے تو ارباب بست و کشاد کو یہ تو خیال رکھنا چاہیے کہ جو ریونیو آپ ٹیکس لگا کر سرکاری خزانے کے لیے اکٹھا کرنا چاہتے ہیں اس سے کئی گنا زیادہ رقم کا ایک ہی دن کی ہڑتال سے نقصان ہو تو اسے کون دانشمندی کہے گا۔ اگرچہ اس بات میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ ہماری تاجروں کی قوم دیانتداری سے ٹیکس ادا نہیں کرتی اور سرکاری خزانے میں اتنی رقم اکٹھی نہیں ہوتی جتنی ہونی چاہیے لیکن وہ ہمارے اس محکمے کا قصور ہے جس کے ذمے یہ فرض تفویض کیا گیا ہے۔ اور اس الزام میں بھی کوئی جھوٹ نہیں کہ اس محکمے میں بھی دیانت داری کی قلت نمایاں ہے بلکہ تاجروں اور صنعتکاروں کو ٹیکس بچانے کے طور طریقے بھی وہیں سے ہی سکھائے جاتے ہیں۔

اگر ان معاملات کو خوش اسلوبی سے سلجھا لیا جائے تو عوام پر ناروا قسم کے ٹیکس نافذ کرنے کی ضرورت ہی نہ رہے گی۔ پاکستان کے ٹیکس سسٹم میں خاصی خرابیاں ہیں، حکومت نے بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار ہے، بینکاری لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس سے کھاتہ داروں کو نہیں بلکہ بینکوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، جب بازار میں خریداری پر جی ایس ٹی عائد ہے۔

جائیداد کی خریداری پر مختلف قسم کے ٹیکس عائد ہیں، پیکٹوں میں بند اشیاء کی قیمتوں میں سیلز ٹیکس اور جی ایس ٹی شامل ہوتا ہے تو ایسی صورت میں بینکاری لین دین پر ٹیکس عائد کرنا زیادتی کے زمرے میں ہی آئے گا لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر تاجروں اور عوام کے تحفظات دور کرے۔