کراچی میں دہشتگردی امریکاکے گریٹ گیم کاحصہ ہےلیاقت بلوچ

شہر میں اصل ٹارگٹ تاجروصنعتکار ہیں،ملالہ پرحملے کی آڑ میں آپریشن کی بات کی جارہی ہے


Staff Reporter October 20, 2012
چیف الیکشن کمشنرآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنائیں،شہادت کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

KARACHI: جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی امریکا کے گریٹ گیم کا حصہ ہے۔

پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے کے لیے کراچی وبلوچستان میں دہشت گردی کی جارہی ہے ملالہ پر حملہ قابل مذمت ہے مگر اس کی آڑ میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کی بات کی جارہی ہے،ریفرنڈم کے نام پر ناٹک رچایا جارہا ہے شہر میں اصل ٹارگٹ تاجر اورصنعتکار ہیں، چیف الیکشن کمشنر ملک میں آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں ۔ وہ جمعے کوکراچی پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر پرویزمحمود اور عبدالواحد شہید کی یاد میں منعقدہ شہادت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

کانفرنس سے اسد اللہ بھٹو، محمد حسین محنتی، اسلم غوری، حفیظ الدین، قاضی احمد نورانی، آفتاب قادری، اکبر مینگل، مظہرعلی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کانفرنس میں مختلف سیاسی مذہبی اور سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے جماعت اسلامی کے رہنماڈاکٹر پرویزمحمود کی سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے الزام لگیا کہ بدامنی،دہشت گردی 'بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ کے راستے گورنر ہائوس سے ملتے ہیں۔

ٹی وی ' وی سی آر بیچ کر اسلحہ خریدنے کا درس دینے والوں نے کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔ کانفرنس سے امریکا میں مقیم ڈاکٹر پرویزکے بڑے بھائی جاوید محمود نے بھی ٹیلی فونک خطاب کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی اور قومی سطح پرباورکرایا جارہا ہے کہ عوام نے مینڈیٹ دیا ہے لیکن حقیقت میں یہ مینڈیٹ نہیں جمہوریت کا قتل ہے ، کراچی میں امن قائم کرنا وفاقی اورصوبائی حکومت کی ترجیح نہیں ہے۔ کراچی میں امن اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب پاکستان میں اسلام کی بالادستی کو عملا تسلیم کیا جائے'سپریم کورٹ نے کراچی کے حالات پر از خودنوٹس لیا لیکن سانحات کی تحقیقات ہوئیں نہ ہی دہشت گردوں کو بے نقاب کیا گیا۔