لندن اولمپکس بھارت نے 4 کروڑ سے زائد رقم پھونک دی

37 لاکھ روپے افتتاحی تقریب کے ملبوسات کی تیاریوں پر خرچ ہوئے، آئی او اے


Sports Desk October 21, 2012
37 لاکھ روپے افتتاحی تقریب کے ملبوسات کی تیاریوں پر خرچ ہوئے، آئی او اے فوٹو : فائل

رواں برس لندن اولمپکس کے دوران انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم پھونک دی۔

رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پٹیشن کے جواب میں انڈین اولمپک کے پیش کردہ اعداد وشمار کے مطابق 86.67 لاکھ روپے اسپورٹس منسٹری اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے آفیشلز و دیگر افراد کے انٹری ٹکٹس خریدنے میں صرف ہوئے،61.69 لاکھ روپے وزارت کھیل کے آفیشلز اور آئی او اے کے وفود کے رہائشی انتظام اور12 لاکھ روپے ان کے تحائف پر خرچ ہوئے، آئی او اے نے اپنے قائم مقام صدر کو ڈیلی الائونس کی مد میں 1.28 لاکھ دیے جبکہ 37 لاکھ روپے افتتاحی تقریب کے ملبوسات کی تیاریوں پر خرچ ہوئے ۔

اولمپک ولیج میں رہائش سے گریز کرنے والے چار آفیشلز کے سفری و رہائشی اخراجات 4 لاکھ روپے بنے،افتتاحی تقریب اور ایونٹ سے جڑے ایتھلیٹس کے اہلخانہ اور دوستوں کیلیے 10 ٹکٹوں کی خریداری پر 15 لاکھ دیے گئے، ان اخراجات کے سامنے آنے پر تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر ہریش کمار نے حیرت کا اظہارکرتے ہوئے اسے سنجیدہ مسئلہ قرار دیا، واضح رہے کہ دودن قبل ہی انھوں نے آئی او اے پر تنقید کی تھی۔