کراچی کے تاجر وصنعت کار بھتہ مافیا سے محفوظ نہیں ثروت اعجازقادری

بے گناہ افراد کو روزانہ ٹارگٹ کرکے قتل کیا جا رہا ہے جس سے عوام، تاجروں اور صنعتکاروں میں خوف کی فضا قائم ہے


Staff Reporter October 21, 2012
بے گناہ افراد کو روزانہ ٹارگٹ کرکے قتل کیا جا رہا ہے جس سے عوام، تاجروں اور صنعتکاروں میں خوف کی فضا قائم ہے . فوٹو : فائل

KARACHI: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کیخلاف عملی کارروائی کرے کراچی میں تاجر، صنعتکار اور عام شہری بھی ٹارگٹ کلرز اور بھتہ مافیا سے محفوظ نہیں ہیں۔

بے گناہ افراد کو روزانہ ٹارگٹ کرکے قتل کیا جا رہا ہے جس سے عوام، تاجروں اور صنعتکاروں میں خوف کی فضا قائم ہے افسوس کہ حکومت دہشت گردوں اور بھتہ مافیا کے خلاف کارر وائی کی یقین دہانی کراتے نہیں تھکتی اس کے باوجود ہر روز ایک درجن سے زائد افراد کو کلرز ٹارگٹ کرکے موت کی نیند سلادیتے ہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے آنکھوں پر کالا چشمہ پہن لیا ہے اور کانوں میں روئی ڈال لی ہے۔

اس لیے انھیں دہشت گردی ، ظلم و بربریت اور کراچی میں اندھیرے کی فضا دکھائی نہیں دیتی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کی دن بدن بگڑتی ہوئی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام، تاجروں، صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمے داری ہے جمہوریت کے دعویدار جب عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم نہیں کریں گے اور دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کریں گے تو جمہوریت کے خلاف منفی سوچ پیدا ہوگی، انھوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ حکومت مصلحت پسندی کے لبادے کو اتار کر صرف ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کرے۔