انسانی اسمگلنگ سنگین و تشویشناک مسئلہ

ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کو رقم کے عوض مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔


Editorial October 13, 2015
انسانی اسمگلنگ ایک سنگین مسئلہ ہے جس کا سدباب کرنا ازحد ضروری ہے۔ فوٹو: فائل

انسانی اسمگلنگ کا معاملہ کس حد تک سنگین ہو گیا ہے اس کا اندازہ اخباری اطلاعات سے لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق ایجنٹ مافیا نے 13 سال کے دوران بیرون ملک ملازمت، تعلیم سمیت دیگر مقاصد کے لیے غیر قانونی طور پر 9 لاکھ سے زائد افراد کو انسانی اسمگلنگ کی نذر کردیا ہے۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں، سیکیورٹی اداروں اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انسانی اسمگلنگ کی نذر ہونے والے 6 لاکھ سے زائد افراد منظر عام پر ہیں جب کہ 3 لاکھ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

ملک میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال، بے روزگاری اور سنہری مستقبل کے خواب دیکھنے والے اکثر نوجوان ملک سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے قانونی و غیر قانونی راستے اپناتے ہیں جہاں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کے کارندے انھیں اپنے جال میں جکڑ لیتے ہیں۔

گزشتہ عشرے میں غیر قانونی طور پر بیرون ممالک جانے والے ''معصوم'' خواہشمندوں کے لٹنے اور جان سے گزر جانے کے حادثات متواتر میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آئے جس میں کشتی الٹنے، کٹینروں میں دم گھنٹے، آگ لگنے کے باعث ہزاروں ہلاکتیں ریکارڈ پر موجود ہیں۔ ایجنٹ حضرات بیرون ملک جانے کے خواہشمندوں کو اپنے جال میں پھنسا کر رقم تو اینٹھ لیتے ہیں لیکن ناگہانی صورت میں انھیں تنہا چھوڑ جاتے ہیں جس کا نتیجہ بیرون ملک گرفتاریوں اور اس سے پہلے حادثات کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ ان ایجنٹوں کے خلاف مختلف فورم پر شکایتیں بھی درج کرائی گئیں لیکن کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا کو رقم کے عوض مکمل تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ کرپشن اس ملک کی اساس میں سرائیت کرگئی ہے۔ ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے باعث 2005 ء سے لے کر 2013ء تک کا دور انسانی اسمگلنگ کے لیے موزوں ترین رہا ہے۔ پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے فیصل آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، ملتان، لاہور اور راولپنڈی کے علاقے بدنام ترین شمار کیے جاتے ہیں۔

انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے حواریوں کے خلاف سخت آپریشن کی ازحد ضرورت ہے جو معصوم عوام کی زندگی بھر کی جمع پونجی ہی نہیں لوٹتے بلکہ ان کی زندگی کو سخت خطرات میں ڈال کر پسماندگان کو بھی بے آسرا کردیتے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین مسئلہ ہے جس کا سدباب کرنا ازحد ضروری ہے۔