محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات اور عوام

نئے اسلامی سال کاآغاز ماہ محرم الحرام سے ہوتا ہے،اس ماہ کو واقعہ کربلاکی نسبت سے خصوصی نسبت حاصل ہے


Editorial October 14, 2015
حکومت پر فرض عائد ہوتا ہے کہ محرم الحرام کے موقعے پر سخت حفاظتی انتظامات کرے اور شرپسند عناصر پرکڑی نظر رکھے ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نئے اسلامی سال کاآغاز ماہ محرم الحرام سے ہوتا ہے،اس ماہ کو واقعہ کربلاکی نسبت سے خصوصی نسبت حاصل ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھرمیں مجالس، محافل اورعاشورہ کی تقریبات کا انعقادکیا جاتا ہے،اسلام محبت ، رواداری کا دین ہے، لیکن اس ماہ مقدس میں پاکستان بھرمیں چند شرپسند عناصرموقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کے درپے رہتے ہیں۔

صوبائی حکومتیں بھی اپنی سطح پر اقدامات کرتی ہیں ، اسی ضمن میں صوبائی حکومت سندھ نے عاشورہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سندھ بھر میں 8 سے 10 محرم تک موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے،کراچی سمیت سندھ کے سات شہروں میں موبائل سروس معطل رکھنے کی سفارش کی جائے گی، دیگر شہروں میں حیدرآباد، سکھر، خیرپور، نوابشاہ، لاڑکانہ اورمیر پورخاص شامل ہیں۔

یہ فیصلے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے ۔حکومت سندھ کے اس فیصلے سے یقیناً عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، لیکن امن وامان کی بہتری اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے یہ اقدامات مستحسن ہیں۔ دوسری جانب پاکستان علماء کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جس میں تمام مکاتب فکر کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق میںکہاگیا ہے کہ ملک میں مذہب کے نام پردہشت گردی، قتل وغارت گری خلاف اسلام ہے اور تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کی قیادت اس سے مکمل اعلان برأت کرتی ہے۔

شرانگیزاوردل آزارکتابوں، پمفلٹوں، تحریروںکی اشاعت، تقسیم وترسیل نہ ہو، اشتعال انگیزاورنفرت آمیزمواد پر مبنی کیسٹوں اور انٹرنیٹ ویب سائٹوں پرمکمل پابندی عائدکی جائے۔ محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا جہاں حکومت کی ذمے داری ہے، وہیں عوام پر بھی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے، وہ اپنے آس پاس شرپسند عناصر پر نگاہ رکھیں اورجوش جذبات میں شرپسند عناصرکی پھیلائی ہوئی افواہوں پر کسی بھی ردعمل کا اظہار نہ کریں تاکہ کوئی باہم لڑانے کی سازش کامیاب نہ ہوسکے ۔ ایک ایسے وقت میں جب کہ پاک فوج ضرب عضب میں مصروف ہے۔

ایسے میں محرم الحرام میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا رونما ہونا خطرناک ثابت ہوگا ، بلاشبہ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، حکومت پر فرض عائد ہوتا ہے کہ محرم الحرام کے موقعے پر سخت حفاظتی انتظامات کرے اور شرپسند عناصر پرکڑی نظر رکھے ۔