یادوں کی برسات
عیدالفطر پہ کشور ناہید کو فون کیا۔ عید کی مبارکباد کے بعد پوچھا کیا ہو رہا ہے۔
RAWALPINDI:
عیدالفطر پہ کشور ناہید کو فون کیا۔ عید کی مبارکباد کے بعد پوچھا کیا ہو رہا ہے۔ کہا اپنی نئی کتاب کا پروف پڑھ رہی ہوں۔ ارے کیا شاعری کی کتاب ہے۔ بتایا، نہیں نثر کی ہے۔ کشور ناہید اور مستنصر حسین تارڑ ہمارے ایسے دوست ہیں جو اپنی زیر تحریر کتاب کی بات کرتے ہیں تو چند روز بعد اس کا اشتہار چھپا ہوتا ہے۔ دو سال قبل ''بابائے سفر نامہ'' مستنصر حسین تارڑ کے ایل ایف کے دوران کہنے لگے کہ مجھے چین کی حکومت نے بلایا ہے۔
اس کے کچھ عرصے بعد چین کا سفر نامہ چھپ چکا تھا۔ اللہ کرے رفتار قلم اور زیادہ۔ اگر یہی صورت حال رہی تو تارڑ اگر کہیں جائیں گے اور واپسی پر امیگریشن کے بعد پبلشر کو فون کر کے معلوم کریں گے کیا میری کتاب مارکیٹ میں آ گئی۔ اس طرح کشور ناہید کی کتابیں بھی کھٹا کھٹ چھپتی رہتی ہیں۔ سن 2013ء میں کراچی لٹریچر فیسٹیول میں خواتین کی سوانح عمریوں پر سیشن تھا۔ اس دوران کشور ناہید نے اعلان کیا کہ وہ اپنی خود نوشت لکھ رہی ہیں۔ ارے، بری عورت کی کتھا، شناسائیاں رسوائیاں؟ وہ سب کیا تھا۔
بہرحال کچھ عرصے بعد کشور ناہید کی نوٹ بک آ گئی۔ اور اب ''مٹھی بھر یادیں'' حاضر ہے۔ جوشؔ صاحب نے ''یادوں کی بارات'' لکھ کر اپنی کہانی ایک ہی بار نمٹا دی تھی جب کہ کشور ناہید کی یادوں کی برسات بار بار برستی ہے۔ ان کی حالیہ سوانح عمری ٹائپ کتاب مختلف شخصیات کے خاکے ہیں۔ توقع یہی ہے کہ بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی۔ وہ جو حالیہ چند برسوں کے دوران مشاعروں پر مشاعرے بھگتانے ہندوستان آتی جاتی ہیں۔ جن کے بارے میں ان کے کالموں میں چھپتا رہتا ہے۔ ممکن ہے وہ سب کچھ کتاب کی صورت میں آپ کے سامنے آ جائے۔
کشور اپنے اور ہمارے بڑھاپے کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں۔ لیکن سرگرمیاں جاری و ساری ہیں۔ (نظر بد دور)۔ کبھی کہیں گی کہ ایئرپورٹس کے لمبے لمبے ٹرمینل پیدل طے کرنا مشکل لگنے لگا ہے۔ اب میں وہیل چیئر لے لیتی ہوں۔ کبھی میں بیمار پڑ جاؤں یا کوئی اور مسئلہ ہو تو ایئرپورٹ سے سیدھی میرے ہاں آئیں گی۔ یا پھر دن بھر کسی کانفرنس میں رہیں گی اور میرے ہاں آتے ہی بستر پر دراز ہو جاتی ہیں۔ کہیں گی یار! بہت تھک گئی ہوں۔
مگر یہ وقفہ بہت مختصر ہوتا ہے۔ کشور نے اپنی زندگی کو بڑی شدومد سے گزارا ہے۔ اس میں ایسے ایسے لوگ شامل رہے جن کے بارے میں جاننا دلچسپ ہے۔ کشور من موجی ہے۔ لکھتے وقت کس پر پیار آ جائے یا فقرے بازی کا موڈ ہو تو جوں کا توں لکھ دیتی ہیں۔ کسی قسم کی ایڈیٹنگ نہیں کی جاتی۔ مثلاً حجاب امتیاز علی کی وِگ اور میک اپ کا ذکر نہ کیا جاتا تو بھی وہ خاکہ اپنے طور پر مکمل تھا۔
شعیب ہاشمی کی علالت پر ہم سب کی طرح وہ بھی دکھی ہیں اور آس لگائے ہوئے ہیں کہ ایک روز وہ اٹھ کر بیٹھ جائیں گے۔ اصغر ندیم پر منظوم لکھا۔ اصغر پر جس روز فائرنگ ہوئی تھی۔ میں بھی بہت پریشان تھی، ادھر ادھر فون کر کے اس کی خیریت معلوم کر رہی تھی۔ ایک بار میں نے اصغر سے کہا تھا کہ تم اگر پھر سے بھی پیدا ہو جاؤ تو ''پیاس'' دوبارہ نہیں لکھ سکتے۔ اس طرح کشور نے لکھا:
آج بھی شاعری کہتی ہے
میں نے تمہیں جنا تھا
تم مجھے چھوڑ کر ٹیلی ویژن کی
سستی روشنی کی طرف کیوں چلے گئے
مستنصر حسین تارڑ کے بارے میں لکھتی ہیں۔ ہندوستان کے ایک ادیب ان کے سفرناموں کے بجائے ناولوں کو پسند کرتے ہیں۔ وہی روزی کی مجبوری ہے جو اصغر کو ٹی وی پر لائی اور مستنصر کو مجبور کیا کہ وہ اپنے سفرناموں کو فٹافٹ تیار کریں۔ آج کل اشتہار چھپ رہا ہے مستنصر حسین تارڑ کے 4 نئے سفر نامے۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی ادیب کی تصانیف جوق در جوق امڈتی آئیں۔ مگر مستنصر نے ایسا کر دکھایا ہے۔ اپنی صحافت کے اولین دور میں ایک ساتھی نے کہا کہ ایک اچھی اسٹوری بنانی ہے تو میرے ساتھ چلیں۔ کہاں؟ بتایا کہ اندرون شہر میں چرس، مارفیا ملتی ہے۔
وہاں اونچی سوسائٹی کی بیگمات بڑی بڑی گاڑیوں میں آتی ہیں۔ زبردست۔ مزہ آ جائے گا۔ مگر وہ اسٹوری کبھی نہ بن سکی کہ وہاں جانے پر بہت سے خطرات کا خدشہ تھا۔ یہ کشور کی ہمت تھی جو بمبئی کے بھنڈی بازار میں اکیلی چلی گئیں اور پھر روتی ہوئی واپس آئیں۔
یوسف کامران جب آخری بار پاکستان سے دبئی گیا تو مجھ سے ملنے دفتر آیا۔ میں نے کہا شام کو گھر پر آ جاؤ۔ کچھ باتیں بھی ہو جائیں گی ایک بار لاہور گئی۔ رات گئے سلیمہ اور شعیب کے ہاں سے اٹھے تو یوسف نے مجھے کہا کہ چلو میں تمہیں چھوڑ دیتا ہوں۔ کشور منو بھائی کے ساتھ ہو لیں۔ میں اس بار کینٹ میں اپنی ایک دوست کے ہاں ٹھہری ہوئی تھی۔
یوسف گھر پہنچا تو کشور نے کہا ارے تم اتنی جلدی واپس آ گئے۔ وہ اسی طرح تھا کہ وہ یوسف کا اخبار خواتین میں چھپا ہوا انٹرویو پڑھ کر حیران ہوئی تھیں ''مٹھی بھر یادیں'' پڑھتے پڑھتے میرے ذہن میں بھی بہت سی یادیں امڈنے لگیں۔ کشور کی اس خاکہ نویسی سے بہت کچھ ریکارڈ پر آ گیا۔ لیکن آدھے گھنٹے والے مولوی کا ریکارڈ کئی بار بج چکا ہے۔ پتہ نہیں وہ زندہ بھی ہے یا نہیں ورنہ وہ اپنی اس سعادت پر خوش ہوتا۔ جیسے میں چہارنا درویش کے باب میں اپنا نام پڑھ کر خوش ہو رہی تھی۔