پیسے نہیں لیے وزیر اعظم کا دور رس بیان

یہ وزیر اعظم کا اچھا اقدام ہے جس سے اصغر خان کیس کو برسوں بعد منطقی انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار ہو گی۔


Editorial October 16, 2015
امید کی جانی چاہیے کہ آئی جے آئی کیس سمیت تمام ایسے پینڈورا باکس جیسے مقدمات جلد از جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچائے جائیں گے۔ فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے آئی ایس آئی سے پیسے لینے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ وزیر اعظم کے اس اہم بیان کو اس کے 'فیس ویلیو' کے اعتبار سے اس لیے مثبت کہا جائے گا کہ آئی جے آئی بنانے کے مقدمہ نے ایک بے جا طوالت اختیار کی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں وزیر اعظم نواز شریف نے خود اپنی خواہش پر بیان ایف آئی اے کو ریکارڈ کر وا دیا ہے۔

یہ وزیر اعظم کا اچھا اقدام ہے جس سے اصغر خان کیس کو برسوں بعد منطقی انجام تک پہنچانے کی راہ ہموار ہو گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پہلے دن کہا تھا کہ ایف آئی اے اصغر خان کیس سمیت تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ دنیا بھر میں سربراہان مملکت، وزرائے اعظم یا وزرا کے خلاف الزامات اور ان سے متعلق مقدمات کوئی نئی بات نہیں، کہتے کہ سیاسی جنگ کے دوران الزامات کے دریا سے گزرنے کے بعد ہی ایک حقیقی سیاسی رہنما کے اصل کردار کی استقامت کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایک ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ نہ کسی سے پیسے لیے نہ کوئی آفر آئی اور نہ ہی کسی نے رابطہ کیا، آج تک کوئی شواہد نہیں ملے، نہ کسی نے ثبوت پیش کیا۔

وزیر اعظم کا بیان ریکارڈ کرنے والے ایف آئی اے حکام کو یہ یقین دہانی کروانا کہ جب تک یہ کیس چلتا رہے گا وہ اس حوالے سے قانون کی حکمرانی کے لیے ایف آئی اے حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں گے قانون کی حکمرانی اور تحقیقاتی اداروں پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ آئی جے آئی کیس سمیت تمام ایسے پینڈورا باکس جیسے مقدمات جلد از جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچائے جائیں گے۔