راولپنڈی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے ن لیگ نے ترقیاتی کاموں کی بھرمارکردی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہر یونین کونسل میں شہریوں سے ان کے مسائل پوچھتے اور موقع پر ٹھیکےدار کو ہدایت کرتے ہیں


ویب ڈیسک October 18, 2015
جن علاقوں میں تعمیراتی کام شروع یا مکمل ہوجاتاہے وہاں فوری طور پر اہلیان علاقہ کی طرف سے شکریے کے بینر آویزاں کئے جاتے ہیں:فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہنگامی بنیادوں پرترقیاتی کام شروع کرادیئے ہیں ۔

میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی 46 یونین کونسلوں میں سڑکوں اورگلیوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کی بحالی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے زیر زمین نیٹ ورکنگ اور اوورہیڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام آغاز کردیا گیا ہے، شہر کی میئرشپ کے لئے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ایک متوقع امیدوار دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ہریونین کونسل کے دورے کررہے ہیں، ان دوروں کے دوران شہریوں سے انہیں درپیش مسائل کے بارے میں پوچھا جاتا ہے اور پھر موقع پر ہی ٹیلی فون پر متعلقہ ٹھیکےدار کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فلاں علاقے میں فوری طور پر کام شروع کردے۔

ٹھیکیدارکوجس شخص سے رابطے کا کہا جاتا ہے وہ اس یونین کونسل میں(ن) لیگ کا امیدوار، اہم کارکن یا ایسا بااثر شخص ہوتا ہے جو تعمیراتی کام کے ذریعے اپنی جماعت کے امیدوار کو ووٹ دلانے کی پوزیشن میں ہو۔جن علاقوں میں انتخابی مہم کے تحت تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہوجاتا ہے یا وہاں کام مکمل ہوجاتے ہیں پھروہاں فوری طورپراہلیان علاقہ کی طرف سے شکریے کے بینر آویزاں کردیے جاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی اس انتخابی مہم پر اگرچہ مخالف جماعتوں کوشدید اعتراض ہیں تاہم شہریوں کی رائے ہے کہ اس طرح ان کے دیرینہ مسائل حل ہورہے ہیں۔

مقبول خبریں