بلدیہ عظمیٰ برکات رضوی کو مشیر مالیات کے عہدے سے ہٹادیا گیا

نئے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد قانون کے تحت ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا حکم نامہ جاری کرنا لازمی ہے


Staff Reporter October 23, 2012
بلدیہ عظمیٰ کے افسران نے ارباب اقتدار واختیار سے اپیل کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا بھی حکم نامہ جاری کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے میڈیا کی طرف سے تسلسل سے کی جانے والی نشاندہی کے بعد بلدیہ عظمیٰ کے مشیر مالیات برکات رضوی کو فارغ کرکے سینئر ڈائریکٹر منورامام کو مشیر مالیات کا اضافی چارج دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کے مشیر مالیات برکات رضوی کو حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا گیا تھا تاہم نہ تو انھوں نے مشیر مالیات کا چارج چھوڑا اور نہ ہی کسی نے ان کو چارج چھوڑنے کو کہا جس کے باعث بلدیہ عظمیٰ کے امور بری طرح متاثر ہونے لگے،جب اس حوالے سے میڈیا نے نشاندہی شروع کی تو شروع میں تو بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے اس کو نظرانداز کیا تاہم تسلسل کے ساتھ نشاندہی کے بعد برکات رضوی کو چارج چھوڑنے اور منورامام کو مشیر مالیات کا اضافی چارج لینے کی ہدایت کردی گئی۔

دوسری طرف بلدیہ عظمیٰ کے افسران نے ارباب اقتدار واختیار سے اپیل کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا بھی حکم نامہ جاری کرانے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ نئے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد قانون کے تحت ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا حکم نامہ جاری کرنا لازمی ہے، اس طرح محمد حسین سید کی بحیثیت ایڈمنسٹریٹر فرائض کی انجام دہی کے آگے سوالیہ نشانات لگے ہوئے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کے افسران نے محمد حسین سید کو بھی مشورہ دیا ہے کہ جب تک نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کا حکم نامہ نہیں نکلتا وہ خود ہی چارج چھوڑ دیں یا پھر چٹھیاں پر چلے جائیں۔