نمائشی میچز غیرملکی کرکٹرزکو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے دیے گئے

پاکستانی پلیئرزنے سیلاب زدگان کی مددکے پیش نظر بلامعاوضہ مقابلوں میں حصہ لیا.


Sports Desk October 23, 2012
پاکستانی پلیئرزنے سیلاب زدگان کی مددکے پیش نظر بلامعاوضہ مقابلوں میں حصہ لیا. فوٹو : اے ایف پی

کراچی میں دو نمائشی میچز کھیلنے کیلیے انٹرنیشنل ورلڈالیون کو تقریباًایک کروڑ40لاکھ روپے دیے گئے.

پاکستان آل اسٹارز کے پلیئرز نے بغیر کسی معاوضے کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کھلاڑیوں کو پاکستان آ کر کھیلنے کیلیے آرگنائزرز نے ایک لاکھ 45 ہزار ڈالرز دیے جو مقامی کرنسی میں تقریباًایک کروڑ40لاکھ روپے بنتے ہیں، پلیئرز نے اپنا معاوضہ پیشگی وصول کیا اور سب سے زیادہ رقم سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا کے اکائونٹ میں منتقل ہوئی۔

مجموعی طور پر میچز کے انعقاد پر ساڑھے تین کروڑ روپے صرف ہوئے ، مقابلوں کے چیف آرگنائزر سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے غیرملکی اسپورٹس مینجمنٹ کمپنی کی معاونت سے کھلاڑیوں سے معاہدے کیے، پاکستان بورڈ نے اگرچہ کوئی مالی مدد تو نہ کی البتہ نیشنل اسٹیڈیم مفت میں استعمال کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو ریلیز بھی کیا۔

منتظمین کو امید ہے کہ دونوں میچز لائیو ٹیلی کاسٹ ہونے کی وجہ سے انھیں کچھ فنڈز واپس مل جائینگے،شائقین کی بڑی تعداد میں آمد کے سبب گیٹ منی بھی حاصل ہوئی ہے، اس کا 30 فیصد حصہ سیلاب زدگان کی مدد پر خرچ ہوگا۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان آل اسٹارز کے پلیئرز نے سیلاب زدگان کی مدد کے پیش نظر بغیر کسی معاوضے کے مقابلوں میں حصہ لیا۔