حیدرآباد کے اخبار فروشوں کی ای او بی آئی میں رجسٹریشن

پاکستان کے پہلے اخبار فروش مرحوم عبدالوحید صابر کے بیٹے کو پنشن بک اورچیک دیا گیا.


Numainda Express October 23, 2012
حیدرآباد:آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے صدر افضال شاہ اخبار فروشوں کی ای او بی آئی میں رجسٹریشن سے متعلق تقریب سے خطاب جبکہ ثنا میمن، عامر افضال، حاجی مشتاق ودیگر اسٹیج پر موجود ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

انجمن اخبار فروشان حیدرآباد کا ایک اورکارنامہ، ای او بی آئی سے رجسٹریشن حاصل کر کے اخبار فروش اور نیوز پیپر ایجنٹ کے لیے پنشن حاصل کرنے کا ذریعہ بنایا۔

اس سلسلے میں میڈیا سینٹر اخبار مارکیٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ای او بی آئی کی ریجنل ہیڈ ثنا میمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب کی صدارت سید افضال شاہ نے کی۔ ثنا میمن نے پاکستان کے پہلے اخبار فروش مرحوم عبدالوحید صابر کے بیٹے زبیر وحید کو ای او بی آئی پنشن بک اور35 ہزار 4 سو روپے کا چیک دیا۔ سید افضال شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کا زبردست کارنامہ ہے کہ ای او بی آئی سے رجسٹریشن حاصل کر کے اخبار فروش اور نیوز پیپر ایجنٹ کو پنشن حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

انشاء اللہ پورے پاکستان کے اخبار فروش ٹکا خان کی قیادت میں اس کے ممبر بن کر پنشن حاصل کرینگے۔ عامر افضال نے مہمان خصوصی اور اولڈ ایج بینیفٹ کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر علی انور جمالی، تہمینہ کوری، قدیر احمد، محبت علی، عبدالخالق بھٹو، ظہور احمد، حاجی مشتاق احمد کریمی، شکیل قریشی، سلیم کریمی، سلیم شیخ نے اپنے خطاب میں انجمن اخبار فروشان حیدرآباد کی کوششوں کو سراہا اور عامر شاہ، عبدالحکیم منان، کامران ضیاء، صغیر احمد، عمران شریف، اسلم قریشی، عمران قریشی اور اراکین مجلس عاملہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ آخر میں مہمانوں اور سینئر اخبار فروشوں میں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی گئی۔